پاکستان تحریک انصاف کے سینئرنائب صدرشیر افضل مروت کو پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات پرتمام سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
شیرافضل کو سندھ میں تمام سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے دی گئی ہے۔
پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر شیر افضل مروت کو اسلام آباد طلب کر لیا گیا ہے۔
شیر افضل نے گزشتہ روز اچانک سندھ میں انتخابی مہمختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مہم کے دوبارہ آغاز کو عمران خان کی جانب سے تصفیہ کروانے سے مشروط کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں انہوں نے مہم جاری رکھنے اعلان کیا تھا۔
پارٹی ترجمان رؤف حسن کے خلاف تحفظات کا اظہارکرنے والے شیر افضل کا کہنا تھا کہ ’حامد خان اور رؤف حسن جیسے بیمار ذہنیت کے لوگوں کی جانب سے میرے خلاف بیانات کو مدنظررکھتے ہوئے میں سندھ میں اپنی مہم ختم کر رہا ہوں‘۔
سینیئر نائب صدر پی ٹی آئی نے واضح کیا تھا کہ عمران خان کی جانب سے تصفیے تک میں کسی ریلی یا جلسے کی قیادت نہیں کروں گا۔
تاہم تقریباً 3 گھنٹے بعد ایک اور پوسٹ میں یہ اعلان واپس لینے والے شیرافضل کا کہنا تھا کہ کارکنان کی رائے حق پر مبنی ہے اور میں ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے سندھ میں تحریک انصاف کی مہم جاری رکھوں گا ۔