بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی گاؤں میں 2800 سال پرانی آبادی کے آثار ملے ہیں۔
نریندر مودی کا آبائی گاؤں بھارت کی مغربی ریاست گجرات کے شہر وڈ نگر کے نزدیک واقع ہے۔
یہ دریافت انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کھرگ پور، ارکیالوجیکل سروے آف انڈیا، جواہر لعل یونیورسٹی کی فزیکل ریسرچ لیب اور دکن کالج کی مشترکہ کاوشوں اور تحقیق کا نتیجہ ہے۔
ارضیات اور جیو فزکس کے پروفیسر ڈاکٹر آنندیہ سرکار نے اے این آئی کو بتایا کہ وڈ نگر کے نزدیک اس گائوں میں 2016 سے کھدائی کی جارہی تھی۔ اب تک 20 میٹر گہرائی تک کھدائی ہوچکی ہے۔
قدیم آبادی کے آثار سے متعلق حقائق ایک خصوصی مقالے میں درج ہیں جو ”کواٹرنری سائنس ریویو“ میں شائع کیا گیا ہے۔ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ماہر ابھیجیت آمبیکر نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ اب تک کی کھدائی سے سات ثقافتی ادوار کے آثار ملے ہی جن میں مسلم سلطنت کا دور بھی شامل ہے۔
ڈاکٹر ابھیجیت آمبیر نے مزید بتایا ہے کہ اس گائوں سے ایک بدھسٹ خانقاہ کا بھی پتا چلا ہے جو ملک کی قدیم ترین بدھسٹ خانقاہوں میں سے ہے۔