الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکرٹری عمر حمید کا استعفی منظور کرلیا گیا جبکہ ڈاکٹر سید آصف حیسن نئے سیکرٹری الیکشن کمیشن تعینات کردیے گئے، نوٹیفیکیشن کے مطابق نئے سیکریٹری کو ایک سال کے کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے خرابی صحت کے باعث کچھ روز قبل استعفیٰ دیا تھا، جسے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے منظور کرلیا اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کسی کے دباؤ پر استعفیٰ نہیں دیا جبکہ صحت کی خرابی اُن کے استعفے کی وجہ بنی۔
ذرائع کے مطابق عمر حمید خان کچھ دن تک اسپتال میں زیر علاج رہے اور اب گھر میں زیرِ علاج ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ میری صحت کام کرنے کی اجازت نہیں دیتی۔
عمر حمید نے 7 جنوری کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی تھی ، جہاں انہوں نے علالت کے باعث استعفے کی پیشکش کی تھی جبکہ چیف الیکشن کمیشنر نے انہیں مکمل علاج کرانے کا مشورہ دیا تھا۔
عمرحمید کی 2سالہ مدت ملازمت گزشتہ برس جولائی میں ختم ہوئی تھی اورچیف الیکشن کمشنر نے ان کی مدت ملازمت میں ایک سال توسیع کی تھی۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے ڈاکٹر سید آصف حسین نئے سیکرٹری الیکشن کمیشن تعینات کردیے گئے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسپیشل سیکرٹری ڈاکٹر سید آصف حسین کو ایک سال کے کنٹریکٹ پر سیکرٹری الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا۔
نئے تعینات ہونے والے سیکٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹرآصف حسین گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر اور اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔
الیکشن کمیشن میں مذید تبادلوں کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کا بھی تبادلہ کر دیا گیا، 21 گریڈ کے سعید گل کو ڈی جی الیکشن سیل ای سی پی اسلام آباد تعینات کر دیا گیا۔
ایڈیشنل ڈی جی الیکشن اسلام آباد محمد فرید آفریدی کو تبدیل کرکے صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان تعینات کردیا گیا۔
اس کے علاوہ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز چوہان کو صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب تعینات کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے ایک ایسے وقت میں استعفیٰ دیا ہے جبکہ ملک بھر میں آئندہ ماہ 8 فروری کو عام انتخابات شیڈول ہیں اور اس میں محض 23 دن باقی ہیں ۔
عمر حمید کو 9 جولائی 2021 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیکرٹری تعینات کردیا گیا تھا اور وہ 16جنوری 2024 کو استعفے تک عہدے پر براجمان رہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سیکرٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبریں آئی تھیں، جس پر ترجمان الیکشن کمیشن نے وضاحت کی تھی کہ کمیشن کے سیکریٹری عمر حمید کورونا کے باعث رخصت پر ہیں، عمر حمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی اور اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں، جیسے ہی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور الیکشن کمیشن کے کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے، تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں اور سیکریٹری کی غیرموجودگی میں دونوں اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔