مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نوازکا کہنا ہے کہ عوام نے نواز شریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کا سوموٹو نوٹس لے لیا ہے، جب بھی نواز شریف کا نکالا گیا،امپائرواپس لائے۔
اوکاڑہ میں جلسے سے انتخابی مہم کا آغازکرنے والی مریم نوازنے خطاب کے آغاز پرعوام کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئےخوشی کااظہار کیا اور ن لیگ کی مقامی قیادت کو شاباش دی۔
مریم کے مطابق نواز شریف نے انہیں یہ پیغام دینے کی ہدایت کی ہے کہ وہ اوکاڑہ سے ہیار کرتے ہیں اور انہوں نے بھی وفا نبھائی ہے۔ اوکاڑہ والوں کو خراب سیاسی موسم میں بھی لیگ کا ساتھ نہ چھوڑنے پر سلام۔
انہوں نے کہا کہ شدید سردی میں یہ جلسہ بتارہا ہے کہ 8 فروری کو شیر اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا۔ قدرت نے نواز شریف کے ساتھ ہونے والے ظلم کا سوموٹو نوٹس لے لیا ہے۔ یاد رکھنا جو جتنا بڑا ظالم ہوتا ہے اتنا ہی بڑا بزدل ہوتا ہے۔
عمران خان کا نام لیے بغیر انہیں تنقید کا نشانہ بنانے والی مریم نے کہا کہ دوسروں کا احتساب کرتے ہوئے طاقت کے بل بوتے پر فرعون بننے والے اپنی باری پرمنہ چھپا کر جوتیاں چھوڑ کر بھاگ رہے ہیں۔ لوگوں کو چور کہنے والے نے اپنی باری پر گھڑی بھی نہ چھوڑی۔
مریم کا کہنا تھا کہ نوازشریف پرظلم کرنے والاایک ایک کرداراپنےانجام کوپہنچ رہا ہے، یہ انتقام مسلم لیگ ن نہیں قدرت کا نظام لےرہا ہے۔ عدالتوں سے بھاگنے کےمناظر عوام نے دیکھ لیے ، اللہ کےنظام میں ظالم کی معافی نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بننے والی مریم نوازنے کہا کہ 2018 سے قبل سستی بجلی ملتی تھی یا نہیں؟ نوازشریف کو تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا۔ اب استعفے پر استعفے آرہے ہیں۔ جوجتنا بےرحم ہوتا ہے اتنا ہی ڈرپوک ہوتا ہے۔ شیر کو شیرکا انتخابی نشان مل سکتا ہے لیکن دہشتگرد کو سیاسی جماعت کا نشان نہیں مل سکتا۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ چورچوری سے جاتا ہےہیرا پھیری سے نہیں۔ اس کا قصورنہیں، اسے لاڈلے پن کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ، ’ آپ کا انتخابی نشان بلا نہیں ڈنڈا تھا، تمہارے ہاتھ میں بلا نہیں ڈنڈا تھا اورتم نےاس ڈنڈے سے فوجی تنصیبات پر حملہ کیا۔’
مریم نے کہا کہ نواز شریف کو جتنی بارنکالا گیا امپائر واپس لے آئے، عوام چوتھی بار نوازشریف کو لاکررہے گی۔تمہارے امپائر،سہولت کار اور جعل سازی پکڑی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جتنے ٹھپے شیرکو لگے گے اتنی ہی مہنگائی کم ہوگی، جتنے زیادہ شیر کو ووٹ ڈالیں گے اتنی زیادہ گیس آئے گی۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر پلوشہ خان کا مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی تقریر پر ردعمل سامنے آگیا۔
پلوشہ خان نے کہا کہ 3 بار وزیراعظم بننے والے نے عو ام کو مشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا تھا، جب بھی شیر کو اقتدار میں لایا گیا، شیر نے عوام کو آٹے سے بھی محروم کردیا، کبھی برطرفیوں، کبھی ڈاؤن سائیزنگ اور کبھی گولڈن ہینڈ شیک سے نوجوانوں سے روزگار چھین لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کھوکھلی باتوں سے ریلیف نہیں ملتا، پرانے گلے شکوے اوردکھڑے رونے سے عوام کے مسئلے حل نہیں ہوں گے، اسٹیل ملز اور پی آئی اے کو تباہ کرکے ہتھیانے والے مزدوروں کے دوست نہیں ہوسکتے۔