لاس ویگاس میں رواں ہفتے ہونے والے کنزیومر الیکٹرانکس شو میں خواتین سے منسوب ایک ایوی رنگ (Evie Ring) دوبارہ پیش کی گئی۔
یہ خواتین کی صحت کے لیے ڈیزائن کی گئی اسمارٹ انگوٹھی ہے۔ بانی کمپنی مووانا ہیلتھ کی جانب سے تیار کردہ ایوی رنگ صحت، نیند اور تندرستی کے اعداد و شمار کو ٹریک کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرے گی۔
ہزاروں خواتین کے انٹرویز اور بایو میٹرکس پر وسیع تحقیق کے بعد مووانا ہیلتھ نے ایوی رنگ اور اس کے ساتھ موجود ایپ تیار کی تاکہ ہر خاتون کو اس کی زندگی کے ہر مرحلے میں صحت اور تندرستی کی قابل اعتماد معلومات فراہم کی جاسکیں۔
ایوی رنگ خواتین کی صحت کی درست نگرانی کے لیے مصنوعی ذہانت اور میڈیکل گریڈ بایومیٹرک سینسرز بروئے کار لاتی ہے۔ یہ ایل ای ڈی سے بھی لیس ہے جو درستی کیلئے آپٹیکل سگنلز کا معیار بلند کرنے کی خاطر روشنی خارج کرتی ہے۔
صارفین کو ان کی صحت اور تندرستی کے میٹرکس سے آگاہ رکھنے کے لئے ایوی رنگ اپنے سینسرز کا استعمال کرتے ہوئے دل کی دھڑکن، خون میں آکسیجن، سانس لینے کی شرح، نیند کے مراحل، سرگرمی کی سطح، قدموں کی گنتی اور دوسرے بہت سے معاملات کی نگرانی کرتی ہے۔
ایوی رنگ کی سب سے قابلِ ذکر خصوصیت اس کی ماہواری ٹریکنگ ہے۔ ایپ اس ڈیٹا کو آپ کی اگلے حیض کی پیش گوئی کرنے اور آپ کی حیض کی صحت کے بارے میں معلومات پیش کرنے کے لئے استعمال کرتی ہے۔
مووانا ہیلتھ نے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں اس ٹریکنگ کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں تاکہ بہتر بصیرت فراہم کی جاسکے اور حیض کے چکر اور صحت کے دیگر عوامل کے درمیان مضبوط تعلقات تلاش کیے جاسکیں۔
سی ای ایس 2024 میں بہت سے دلچسپ اسمارٹ رنگ لانچ کیے گئے ہیں، جن میں ایمازفٹ ہیلیو رنگ اور الٹرا ہیومن شامل ہیں جو اپنی اسمارٹ رنگ ٹیکنالوجی کو ہیلتھ ٹریکنگ اسمارٹ ہوم ڈیوائس میں توسیع دے رہے ہیں۔
اس اسمارٹ رنگ کو سب سے پہلے CES 2023 میں لانچ کیا گیا تھا لیکن یہ خریداری کے لیے دستیاب نہیں تھی۔ انگوٹھی کو اس سال CES 2024 میں دوبارہ نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے۔