نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستان کو شکست دے دی۔ میزبان ٹیم کے 195 رنز کے جواب میں گرین شرٹس 19.3 اوورز میں 173 رنز پر ڈھیر
پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں اب دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
ٹاس پاکستان نے جیتا اور میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ پاکستان کے وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے شروع ہوا۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز اسکور کیے۔ فن ایلن نے 74، کیون ولیمسن نے 26، مچل سینٹنر نے 25، ڈیون کانوے نے 20 اور ڈیرل مچل نے 17 رنز اسکور کیے۔
جواب میں پاکستانی اننگز کا آغاز اچھا نہیں تھا۔ پہلی وکٹ 8 کے اسکور پر گری جب صائم ایوب ایک رن بناکر آئوٹ گئے۔ 10 کے ٹوٹل پر دوسری وکٹ گری۔ محمد رضوان 7 رنز اسکور کرکے آئوٹ ہوئے۔
ابتدائی دو وکٹوں کے جلد گرنے کے بعد بابر اعظم اور فخر زمان نے بیٹنگ لائن کو سنبھالا۔ بابر اعظم نے 65 اور فخر زمان نے 50 رنز اسکور کیے۔ ان دونوں کے آئوٹ ہونے کے بعد صرف کپتان شاہین آفریدی 22 رنز کے ساتھ تھوڑی سی مزاحمت کر پائے۔ لوئر مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا۔
نیوزی لینڈ کے ایڈم مائلن نے چار جبکہ سوڈھی، سائوتھی اور سینٹنر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔