ملک کے بالائی علاقوں کے علاوہ سندھ کے متعدد حصوں میں سخت سردی کے ساتھ شدید دھند بھی پڑ رہی ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں صورتِ حال زیادہ پریشان کن ہے۔
شدید دھند کے باعث حدِ نظر کم ہو جانے پر موٹر وے ایم فائیو کو شیرشاہ سے ظاہر پیر تک بند کردیا گیا ہے۔
شدید سردی اور دھند کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ ہفتے کی صبح بھی پنجاب بھر میں بیشتر علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔
بہت سے شہروں میں معمول کی معاشی اور معاشرتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ چھوٹے شہروں کے جو لوگ قریب کے بڑے شہر جاکر کام کرتے ہیں وہ بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں کیونکہ ان کے لیے یومیہ سفر دشوار ہوچکا ہے۔
دھند کی لپیٹ میں آئے ہوئے شہروں کی انتظامیہ نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شدید دھند سے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا ہے۔ متعدد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
سرد ترین علاقوں کے لوگوں کو توانائی کے بحران کے باعث اضافی پریشانی کا سامنا ہے۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگ کمرہ گرم رکھنے کے لیے لکڑیاں جلانے پر مجبور ہیں۔