ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے نئی عالمی رینکنگ جاری کردی ہے۔ 6 ممالک پہلے نمبر پر ہیں۔ فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، سنگاپور اور اسپین کا پاسپورٹ رکھنے والے 194 ممالک کا سفر ویزا کے بغیر یا ایئر پورٹ پر ویزا کی سہولت کے ساتھ کرسکتے ہیں۔
19 سال قبل شروع کی جانے والی پاسپورٹ رینکنگ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ملک کے باشندے ویزا کے بغیر یا منزل پر پہنچنے کی صورت میں 194 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں۔
پاسپورٹس کی عالمی رینکنگ میں پاکستان کی پوزیشن 101 ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ پر 34 ممالک کا ویزا فری سفر کیا جاسکتا ہے جبکہ بھارت کی پوزیشن 80 ہے۔ ان کے باشندے 62 ملکوں کا ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ”ہو لیڈز دی وے“ کے زیر عنوان ایک خصوصی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ہینلے اور اس کے پارٹنرز انٹر نیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی اییشن (IATA) کے فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر رینکنگ کرتے ہیں۔
پاسپورٹ کی طاقت کے محاذ پر یورپ نے جنگ جیت لی ہے۔ جاپان اور سنگاپور نے بھی 5 سال سے ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ پاسپورٹ کی پہلی پانچ پوزیشنز کے لیے یورپ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
فن لینڈ، سوئیڈن اور جنوبی کوریا دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان تینوں ملکوں کے پاسپورٹ کے حامل افراد 193 ممالک کا سفر پہلے سے ویزا لیے بغیر کرسکتے ہیں۔
تیسری پوزیشن پر آسٹریا، ڈنمارک، آئر لینڈ اور نیدر لینڈز (ہالینڈ) ہیں جن کے پاسپورٹ پر 192 ملکوں کا سفر ویزا لیے بغیر بھی کیا جاسکتا ہے۔
چوتھی پوزیشن پر بلیجیم، لگزمبرگ، ناروے، پرتگال اور برطانیہ ہیں۔ یونان، مالٹا اور سوئٹزر لینڈ پانچویں پوزیشن پر ہیں۔
آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، چیک جمہوریہ اور پولینڈ چھٹی پوزیشن پر ہیں۔ 188 ممالک کا ویزا فری سفر کرنے کی سہولت کے ساتھ امریکا، کینیڈا اور ہنگری ساتویں پوزیشن پر ہیں۔
187 ممالک کا ویزا فری سفر کرنے کی سہولت کے ساتھ ایسٹونیا اور لتھوانیا آٹھویں نمبر پر ہیں۔ لیٹویا، سلوویکا اور سلووینیا 186 منازل کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔