Aaj Logo

شائع 11 جنوری 2024 12:47pm

پی ٹی آئی امیدوار پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار، عدالت کا فوری پیش کرنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے پی ٹی آئی کے امیدوار آفتاب عالم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

آفتاب عالم پی کے 90 کوہاٹ سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جبکہ انصاف لائرز فورم کے ممبر بھی ہیں۔

پی ٹی آئی کے امیدوار پشاور ہائیکورٹ کیسز کے لئے آئے تھے جنہیں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کی جانب سے آفتاب عالم کی گرفتاری کی تصدیق کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آفتاب عالم پر کوہاٹ کے تھانہ گمبٹ میں مقدمہ درج ہے، ایف آئی آر میں آفتاب عالم سمیت پی ٹی آئی کے 20 سے زائد کارکنان شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ آفتاب عالم اور دیگر نے 10 دسمبر 2023 کو کنونشن منعقد کیا تھا، اس دوران ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پابندی کے باجود آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کنونشن کا انعقاد کیا تھا اور اس دوران آفتاب عالم اور پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس کے ساتھ ہاتھا پائی بھی کی تھی۔

آفتاب عالم کی ہائیکورٹ گیٹ سے گرفتار کرنے پر عدالت نے ایس ایچ او شرقی کو طلب کرلیا۔

جسٹس اعجاز انور نے سیکیورٹی افسر سے استفسار کیا کہ آفتاب عالم کو کس نے گرفتار کیا ہے؟

جس پر سیکیورٹی افسر نے کہا کہ میں چیف جسٹس کی عدالت میں تھا، ایس ایچ او شرقی سے پوچھا وہ کہتے ہیں ہمارے پاس نہیں ہے۔

جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ پولیس کو کچھ پتہ نہیں ہوتا، ایس ایچ او شرقی سے کہیں کہ بندہ پیش کریں، ان کی اپیل ہمارے پاس لگی ہے، کیا اس کو نااہل کریں، ان کو گرفتار پیش کریں، لیکن ابھی پیش کریں۔

Read Comments