پاکستانی نژاد امریکی خاتون فوزیہ جنجوعہ نے ایک نئی تاریخ رقم کردی، فوزیہ امریکی ریاست نیو جرسی کے ٹاؤن ماؤنٹ لارل سے میئر منتخب ہوئی ہیں۔
انہوں نے اپنے شوہر اور چار بیٹوں کے ہمراہ تقریب میں ہاتھ میں قرآن تھامے نیو جرسی کے قصبے ماؤنٹ لارل کے ٹاؤن شپ ہال میں تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی۔
تقریب کے دوران نیوجرسی اسٹیٹ کی خاتون کیرول مرفی جو رُکنِ اسمبلی و امیدوار برائے کانگریس بھی ہیں، نے فوزیہ جنجوعہ سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
فوزیہ جنجوعہ نے اپنے نئے منصب کی حلف برداری کے موقع پر تقریر کرتے ہوئے پاکستانی ہونے پر فخریہ الفاظ بھی ادا کیے۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے تاریخ کی پہلی پاکستانی اور مسلمان خاتون کے طور پر میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور یہ مجھ سمیت ہم سب پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات ہے۔‘
اُردو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ’میرے والد کا تعلق چکوال اور والدہ لاہور سے ہیں۔ میرے والد 70 کی دہائی میں امریکا آئے تھے اور میری پیدائش امریکا میں ہی ہوئی‘۔
فوزیہ جنجوعہ کے مطابق انہوں نے امریکا سے تعلیم حاصل کی اور کمیونٹی سروس کرنا ان کا شوق رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں یہاں غریب و نادار بچوں سمیت قیدیوں کو پڑھاتی رہی ہوں۔ میرا شوق تھا کہ میں لوگوں کی مدد کر کے ان کی زندگیاں آسان بناؤں۔ میں نے ایک غیرسرکاری تنظیم بھی قائم کی جس کے تحت کمیونٹی سروس میں فعال کردار ادا کرتی رہی ہوں‘۔
اپنے سیاسی سفر کے حوالے سے فوزیہ جنجوعہ نے بتایا کہ ’ہماری ریاست کے گورنر کے ہاں ایک پارٹی ہو رہی تھی جہاں میری ملاقات ایک خاتون سے ہوئی۔ مجھے اُس خاتون نے بتایا کہ آپ میں صلاحیت ہے اور آپ اس شہر کی قیادت کر سکتی ہیں‘۔
فوزیہ جنجوعہ نے ڈپٹی میئر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد مسلمانوں کی اچھائیوں کو دنیا کے سامنے لانے کے حوالے سے بھی کاوشیں کی ہیں۔