نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا کہنا ہے کہ انتخابات کے لیے حالات ماضی سے زیادہ خراب نہیں ہیں، اس وقت نگران وزیراعظم 11 وزارتوں کے انچارج ہیں، وزارت داخلہ کے انچارج بھی نگراں وزیراعظم ہی ہیں۔
الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی کا کہنا تھا کہ الیکشن 8 فروری بروز جمعرات کو ہوں گے، ہم نے اس سے بہت خراب حالات میں بھی الیکشن دیکھے ہیں، انتخابات کے لیے حالات ماضی سے زیادہ خراب نہیں ہیں، اس وقت حالات 2008 اور 2013 سے بہتر ہیں۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ میں نے جس دن سے حلف اٹھایا ہے اس دن سے الیکشن کمیشن سے مسلسل رابطے میں ہوں، انتخابی سرگرمیاں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد شروع ہوں گی، تمام جماعتوں کو انتخابی مہم چلانے کی آزادی ہے۔
انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس کے حوالے سے مسائل تکنیکی ہیں، نگراں حکومت سے قبل بھی انٹرنیٹ سروس میں تعطل آتا رہتا تھا۔
صحافی نے سوال کیا کہ ملک کے وزیر داخلہ کا تقرر تاحال کیوں نہیں کیا گیا؟ جس پر مرتضی سولنگی جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت نگراں وزیراعظم 11 وزارتوں کے انچارج ہیں، وزارت داخلہ کے انچارج بھی نگراں وزیراعظم ہی ہیں۔
نگراں وزیر اطلاعات نے انتخابات ملتوی کروانے کی سینیٹ قرارداد پر تبصرہ کرنے سے گریز کرلیا۔
یاد رہے کہ 5 جنوری کو سینیٹ نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرنے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی تھی۔