وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعوام کو بلاسود 26 ہزارالیکٹرک موٹر بائیکس اور رکشے دیئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مقامی ہوٹل میں محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بلا سود الیکٹرک بائیکس اورالیکٹرک رکشے دینے کے پروگرام کا باقاعدہ اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب بھر میں چنگ چی رکشے کی رجسٹریشن پروگرام کا بھی باضابطہ افتتاح کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں الیکٹرک رکشہ سازی کی صنعت کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ساز گار کمپنی کے سی ای او کو الیکٹرک رکشہ سازی کا پہلا لائسنس دیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر ایک پوسٹ کی جس میں پنجاب کی گرین ڈرائیو الیکٹرک وہیکل اسکیم کی تفصیلات بتائی گئیں جو مندرجہ ذیل ہیں۔
اپنی پوسٹ میں وزیر اعلیٰ نے لکھا کہ اسموگ کا مقابلہ کرنے اور ایک بہتر ماحول کو فروغ دینے کیلئے پاک الیکٹرک گاڑیاں صاف ستھرے اور سرسبز کل کی راہ ہموار کریں گی۔