Aaj Logo

شائع 09 جنوری 2024 08:35pm

کون سے بڑے سیاسی لیڈر کے کاغذات منظور اور کس کے مسترد ہوئے ؟

Welcome

الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد اور منظوری کے خلاف اپیلوں پر سماعتیں جاری ہیں، اپیلوں کی سماعت کا یہ مرحلہ (کل) بدھ کو مکمل ہو جائے گا۔ سیاسی قائدین میں سے کچھ کو الیکشن لڑںے کی کلین چٹ مل گئی جبکہ کچھ کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے لئے ایپلٹ ٹربیونلز کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت کا مرحلہ بدھ کو مکمل ہو جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست جمعرات کو شائع کی جائے گی۔

امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو ہو گی جبکہ پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔

نواز شریف اور شہباز شریف کیلئے بڑا دن

آج ہونے والی سماعتوں میں این اے 15 سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل مسترد کی گئی ہے، جبکہ ان کے بھائی شہباز شریف کو دو حلقوں سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے، جن کے این اے 242 اور این اے 132 سے کاغذات منظوری کے خلاف اپیل مسترد کردی گئی ہے۔

جبکہ این اے 242 سے ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال شہباز شریف کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔

لاہور میں الیکشن ٹربیونلز میں بڑے سیاسی رہنماوں کے کاغذات نامزدگی پر سماعت مکمل ہوگئی۔ کئی رہنماؤں کے خلاف اپیلوں پر فیصلے بدھ کو سنائے جائیں گے۔

نواز شریف کے حلقہ این اے130سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

شہباز شریف کے حلقہ این اے 132سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

مریم نواز کے حلقہ این اے 119سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے این اے 122 سے کاغذات مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے۔

ایپلٹ ٹربیونل کے جسٹس طارق ندیم نے این اے 122 سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔

وکلا نے دلائل دئیے کہ بانی پی ٹی آئی کے تجویز کنندہ کا تعلق متعلقہ حلقے سے ہی ہے جبکہ توشہ خانہ میں سزا معطل ہو چکی ہے لہٰذا کاغذات نامزدگی منظور کئے جائیں۔

جسٹس طارق ندیم نے ریمارکس دئیے کہ اگر صرف سزا معطل ہوئی ہے، اہل ہونے کیلئے سزا کالعدم اور بری ہونا ضروری ہے۔ ٹریبونل نے اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار، شہریار آفریدی، شیر افضل مروت اور عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈار کے کاغذات منظور کرلیے گئے ہیں۔

ٹریبونل نے سیالکوٹ این اے 71 سے ریحانہ ڈار اور پی پی 46 سے عمر ڈار کی اہلیہ روبہ ڈار کے کاغذات نامزدگی منظور کرکے ریٹرنگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

پشاور ایپلٹ کورٹ نے مراد سعید کی اپیل خارج کردی ہے جنہوں نے این اے 3 اور این اے 4 سے کاغذات جمع کرائے تھے۔

جہانگیر ترین کا این اے 155 لودھراں سے عقاب کے نشان پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 155 لودھراں سے عقاب کے نشان پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

ظفر علی شاہ، ملک عامر، عمار یاسر کے کاغذات پر فیصلہ

اسلام آباد اپیلٹ ٹریبونل کے جسٹس ارباب طاہر نے اپیلوں پر سماعت کی ، ،ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کے متوقع امیدوارظفرعلی شاہ کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کیخلاف اپیلیں منظورکرتے ہوئے این اے 46 اور 47 سے کاغذات نامزدگی منظورکرلیے۔

اپیلٹ ٹریبونل نے دہری شہریت پرکاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف امیدوار ملک عامرکی اپیل خارج کر دی اور آراو کے فیصلے کو برقرار رکھا۔

اپیلٹ ٹریبونل راولپنڈی نے پی ٹی آئی رہنما عماریاسر کی اپیل خارج کر دی۔ اپیل پر فیصلہ جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سنایا۔ عمار یاسر نے چکوال کے حلقہ این 59 اور پی پی 22 اور 23 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

لاہور: سیاسی قائدین کے کاغذات نامزدگی پر سماعت مکمل

پرویز الہٰی کے 4 صوبائی اور 3 قومی اسمبلی کے حلقوں پر فیصلے کل (بدھ) سنائے جائیں گے۔

پرویز الہٰی کے این اے 64 گجرات اور پی پی 32 اور 34 سے کاغذات مسترد ہوئے تھے۔ این اے 69 منڈی بہاوالدین اور پی پی 42 منڈی بہاؤالدین سے بھی کاغذات مسترد ہوئے۔ پرویزالہٰی نے این اے 59 تلہ گنگ اور پی پی 23 تلہ گنگ سے بھی کاغذات جمع کروائے تھے۔

مونس الہٰی کے 2 قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے کاغذات مسترد ہونے پر فیصلہ کل (بدھ) سنایا جائے گا۔ مونس الہیٰ کے این اے 64 گجرات، پی پی 32,34 اور این اے 69 منڈی بہاوالدین سے کاغذات مسترد ہوئے تھے۔

فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج ہوگئی، الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنا دیا ،، فیصلہ الیکشن ٹربیونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سنایا۔

الیکشن ٹریبونل نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فواد چوہدری نے جہلم کے حلقے این اے 60 اور این اے 61 سے کاغذات جمع کروائے تھے۔ آراو آفس کے اعتراضات کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔

اسی طرح جی ڈی اے رہنما ذوالفقار مرزا کے بیٹوں حسنین اور حسام مرزا کے کاغذات نامزدگی منظور ہوچکے ہیں۔

ٹریبونل نے پی پی 135 اور این اے 112 ننکانہ صاحب سے پی ٹی آئی امیدوار رانا جمیل حسن گڈ خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلیے جبکہ محمد زبیر کے پی پی 173، ناصرہ میو کے پی پی 177 اور ابوزر چدھڑ کے پی پی 138 سے بھی کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے آر اوز کے فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔

بلوچستان

بلوچستان ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل نے ساتویں روز کاغذات نامزدگی مسترد اور منظور ہونے کے خلاف دائر اپیلوں پرسماعت جاری رکھی۔ تین سو ساٹھ امیدوارں کو انتخاب لڑنے کی اجازت مل گئی۔

الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس محمد ہاشم کاکڑ اور محمد عامر نواز رانا پر مشتمل دو الگ الگ ٹربیونلز نے 36 دائر اپیلوں کی سماعت کی۔

الیکشن ٹربیونل نے چار سو پانچ دائر اپیلوں میں سے اب تک تین سو ساٹھ اپیلوں کو منظور کرلیا۔ الیکشن ٹربیونل نے سابق صوبائی وزیر اور آزاد امیدوار میر خالد لانگو کی جانب سے دائر قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کے پانچ حلقوں پر دائر اپیل خارج کردیں۔

الیکشن ٹربیونل نے جے یو آئی کے مولوی سرور ندیم موسیٰ خیل اور بی این پی کے حمل کلمتی کے صوبائی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر اپیلیں خارج کردیں۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹربیونل نے نے اب تک دس اپیلوں کو خارج اور پندرہ پر فیصلہ محفوظ کیا۔

Read Comments