Aaj Logo

اپ ڈیٹ 09 جنوری 2024 11:00pm

کراچی پہنچے دو مسافروں میں کورونا ویرئینٹ ’جے این 1‘ مثبت آگیا

محکمہ صحت کو کراچی آنے والے چھ مشتبہ کوویڈ ویرئینٹ مسافروں کی رپورٹ موصول ہوچکی ہے، مسافر بیرون ملک سے کراچی ائیرپورٹ پہنچے تھے۔ ڈی جی ہیلتھ سندھ نے نئے کورونا ویرینٹ پر ہدایت نامہ جاری کردیا۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق ایک مسافر بنکاک سے، جبکہ دوسرا ابوظہبی سے کراچی پہنچا تھا، ایک مسافر کا تعلق بلوچستان کےعلاقے کیچ سے ہے جبکہ دوسرے مسافر کا آبائی تعلق سانگھڑ سے ہے لیکن رہائش قاسم آباد حیدرآباد کی ہے۔

ترجمان محکمہ سندھ کے مطابق جانچ کے لیے بھیجے گئے چھ مسافروں میں سے ان دو میں جے این ون مثبت آگیا۔ دونوں مسافروں کو سختی سےگھروں میں قرنطینہ کی ہدایت کردی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق شارجہ سے دو، اور جدہ سے پہنچنے والے تینوں مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جدہ سے کراچی پہنچنے والے دوسرے مسافر کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ نے نئے کورونا ویرینٹ پر ہدایت نامہ جاری کردیا

محکمہ داخلہ سندھ نے نئے کورونا ویرینٹ پرہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے تمام ڈی ایچ اوز و میڈیکل سپرنٹینڈنٹس کو اقدامات کا کہا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کے ساتھ منسلک افراد کی نشاندہی کرکے انھیں آئسولیٹ کیا جائے۔

ڈی جی ہیلتھ سندھ نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیوز، ٹی ایچ کیوز میں کوڈ 19 وارڈ قائم کئے جائیں۔

قبل ازیں، ترجمان وزارت صحت نے کہا تھا کہ کورونا کے ایک نئے ویرئینٹ جے این ون کے چار کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو اومیکرون کا ذیلی وائرس ہے ۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں ترجمان وزارت صحت نے کورونا کے ایک نئے ویرئینٹ جے این ون کے چار کیس رپورٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام متاثرہ افراد میں نئے کورونا ویرینٹ کی ہلکی علامات پائی گئی ہیں۔ چاروں مریض بغیر کسی پیچیدگی کے صحت یاب ہو چکے ہیں، ڈبلیو ایچ او نے جے این ون کو دلچسپ ویرئینٹ قرار دیا ہے ۔

ترجمان نے کہا ہے کہ صورت حال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایات پر بیماریوں کی نگرانی کیلئے بارڈر ہیلتھ سروسز، قومی و صوبائی ہیلتھ اتھارٹیز، لیبز مکمل فعال اور چوکس ہیں، انٹر نیشنل ایئرپورٹس، تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سکریننگ کا موثر نظام موجود ہے۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کا شعبہ انٹر نیشنل ہیلتھ ریگولیشنز کی سفارشات پر عمل درآمد کر رہا ہے ، وفاق اور صوبے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ پاکستان کی 90 فی صد آبادی کو پہلے سے ویکسین لگ چکی ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ سردیوں میں کوویڈ یا فلو جیسی بیماریوں کے پھیلائو سے بچنے کے لیے ماسک، فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

Read Comments