ملک بھر میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے، جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے۔
ملک بھر میں مختلف مقامات پر بارش اور برفباری سے معمولات زندگی متاثر ہوچکے ہیں۔
قلات اور گردونواح میں برفباری کے بعد پارہ نقطہ انجماد سے نیچے چلاگیا، جہاں 24 گھنٹے کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یخ بستہ سائبیرین ہواؤں کا مغربی سسٹم بلوچستان پر اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
کراچی میں بھی یخ بستہ ہواؤں سے سردی بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب دھند کے باعث موٹروے ایم فور فیصل آباد سے گوجرہ تک، موٹروے ایم فائیو ملتان سے اوچ شریف تک اور موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔
موٹروے پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی شدید دھند ہے، یونیورسٹی روڑ، صدر، فردوس، حاجی کیمپ میں دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہے۔