کراچی کے حلقے این اے 242 پر ایم کیو ایم اور ن لیگ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے حتمی فیصلہ اعلیٰ قیادت پر چھوڑ دیا ہے، جبکہ ایم کیوایم نے وزیراعظم کیلئے نوازشریف کو ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے مسلم لیگ ہاؤس کراچی میں مذاکرات ہوئے جس کے بعد دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کی۔
ایم کیو ایم کے رہنماں امین الحق نے کہا کہ ن لیگ کے رہنماؤں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت ہوئی، ن لیگ اور ایم کیو ایم چیزوں کو آگے لیکر بڑھ رہی ہے، کچھ چیزیں اعلی قیادت پر چھوڑ دی ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم وزارت عظمیٰ کیلئے نوازشریف کو سپورٹ کرے گی۔ 8 فروری کے انتخابات کے بعد قائد ن لیگ وزیراعظم ہوں گے، 8 فروری کے بعد سندھ میں بھی مشترکہ حکومت بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو سپریم کورٹ کے تاحیات نااہلی کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر مبارکباد دیتے ہیں، عدالت عظمیٰ نے اچھا فیصلہ سنایا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جی ڈی اے اور جے یو آئی سے بھی بات چیت جاری ہے، نواب شاہ، سکھر، میرپور خاص کی سیٹوں پر ایم کیو ایم الیکشن لڑے گی۔ ہر صورت سندھ میں کرپشن کو ختم کرنا ہے۔
اس موقع پر رہنما ن لیگ رانا مشہود نے کہا کہ ایم کیوایم کے ساتھ چیزوں کو فائنل کرلیا ہے، اعلان ن لیگ اور ایم کیوایم کی قیادت کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ایک ایسا اتحاد ہے جو آگے بھی چلے گا، کثیر الجماعتی اتحاد کی بات ہورہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ سندھ میں بائیس ہزارارب روپے کا ترقیاتی بجٹ تھا، رقم کہاں خرچ ہوئی، کچھ سمجھ نہیں آیا، سندھ میں لوٹ مار اور کرپشن کی سیاست نہیں چلنے دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں جماعتوں کے درمیان عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مذاکرات ہوئے۔
ایم کیوایم کے وفد میں امین الحق، جاوید حنیف اور حسان صابر شامل تھے، جبکہ ن لیگ کی جانب سے نہال ہاشمی، رانا مشہود، ناصر الدین اور محمود علی اہم بیٹھک میں شریک ہوئے۔
واضح رہے کہ موجودہ مذاکرات سے قبل بھی دونوں جماعتوں کے درمیان کئی بار بات چیت ہوچکی ہے لیکن کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے تھے۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں این اے 242 کی نشست پر حتمی فیصلہ آج متوقع ہے، این اے 242 پر شہبازشریف اور مصطفی کمال امیدوار ہیں۔