پشاور جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ واقعہ پیش آیا ہے، وکیل کے بھیس میں موجود شخص نے لوگوں پر فائرنگ کردی۔
ذرائع کے مطابق پشاور جوڈیشل کمپلیکس میں کی گئی فائرنگ سے 3 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والا شخص وکیل کے روپ میں آیا تھا، جس نے پیشی بھگتنے کے لئے آنے والوں پر فائرنگ کی۔
راولپنڈی میں گاڑی پر فائرنگ، بچی سمیت 3 افراد جاں بحق
پولیس نے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کرلیا۔
زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق جوڈیشل کمپلکس میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر ملزم وہاب نے ذاتی دشمنی پر پیشی بھگتنے والے مخالفین کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس سے سی ٹی ڈی اہلکار حجت اللہ جاں بحق ہوگیا۔
بعد ازاں، اسپتال کے ترجمان ڈاکٹر محمد عاصم نے بتایا کہ چار افراد کو اسپتال لایا گیا جس میں ایک جاں بحق اور 3 زخمی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں دو عام جبکہ ایک پولیس اہلکار شامل ہے۔
ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ایک زخمی کی حالت نازک جبکہ ایک زخمی پولیس اہلکار کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پشاور بار ایسوسی ایشن کے صدر اشفاق خلیل کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پولیس اہلکاروں کی غفلت کا نتیجہ ہے، پولیس سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔