Aaj Logo

شائع 06 جنوری 2024 11:08am

’پاکستان میں فوجی اڈے‘: امریکا نے عمران خان کے الزامات مسترد کردیے

امریکا نے برطانوی جریدے میں شائع بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مضمون میں لگائے گئے الزامات کو ایک بار پھر مسترد کردیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کو نہیں کہہ سکتا کہ انتخابات کیسے کروائے، پاکستان کے مستقبل کی قیادت کا فیصلہ پاکستانی عوام نے کرنا ہے۔

پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ ’اپنے تازہ ترین مضمون کی وجہ سے سابق وزیراعظم عمران خان ایک بار پھر الزامات کی زد میں آگئے ہیں۔ مضمون میں نیا الزام یہ ہے کہ امریکا پاکستان میں فوجی اڈے قائم کرنا چاہتا تھا، جسے پاکستان نے مسترد کردیا ہے، یہی وجہ ہے کہ امریکی حکومت ناراض تھی۔ کیا آپ اس کا جواب دینا چاہتے ہیں؟‘

جس پر میتھیو ملر نے جواب دیا کہ ’میں صرف اتنا کہوں گا، جیسا کہ ہم پہلے کہہ چکے ہیں، سابق وزیر اعظم کے الزامات بے بنیاد ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ میں اسے یہیں پر چھوڑ دوں‘۔

میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ ’حالیہ دورے کے دوران، کیا سیکرٹری بلنکن نے پاکستانی فوج کے سربراہ اور آئی ایس آئی کے سربراہ کے ساتھ سیاست میں فوجی مداخلت کے حوالے سے بات چیت کی؟‘

جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ’میں نجی سفارتی بات چیت میں نہیں پڑوں گا، لیکن ہم نے ہمیشہ واضح کیا ہے کہ پاکستانی عوام کو ہی اپنی حکومت کا انتخاب کرنا ہے‘۔

Read Comments