سینیٹ سیکرٹریٹ نے گزشتہ روز منظور کی گئی الیکشن کے التوا سے متعلق قرارداد کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں ، الیکشن کمیشن کو انتخابی شیڈول فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن التوا سے متعلق سینیٹ سے پاس قرارداد کی منظوری کی کاپی صدر مملکت، نگران وزیراعظم، الیکشن کمیشن، وزارت قانون و انصاف اور دیگر متعلقہ محکموں کو ارسال کر دی گئی ہے۔
گزشتہ روز ایوان بالا (سینیٹ) نے ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ملتوی کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی تھی۔
سپریم کورٹ سینیٹ سے منظور شدہ قرارداد کا فوری نوٹس لے، سپریم کورٹ
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں قرارداد کی منظوری کے وقت ایوان میں 14 ارکان موجود تھے۔
خیبرپختونخوا سے آزاد سینیٹر دلاور خان کی جانب سے پیش کی گئی الیکشن التوا کی قرارداد پر بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) ارکان اور فاٹا سے رکن ہدایت اللہ نے حمایت کی۔
پیپلز پارٹی، ن لیگ اور پی ٹی آئی نے الیکشن التوا مسترد کردیا
پی ٹی آئی کے سینیٹرگردیپ سنگھ اور پیپلزپارٹی کے رکن بہرہ مند تنگی نے خاموشی اختیار کی جس پر انہیں اپنی جماعتوں سے شوکاز نوٹس ملے، جبکہ ایوان میں موجود مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے کورم کی نشاندہی کرنے کے بجائے قرارداد کی مخالفت کی۔
اب، ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے قرارداد منظوری کے نوٹفکیشن میں وزارت پارلیمانی امور کو فوری کارروائی کرکے دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹیفکیشن میں الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملکی صورت حال کے پیش نظر الیکشن شیڈول کو فوری تبدیل کرے۔