اداکار اکبر اسلام کا کہنا ہے کہ فلم وکھری دوسری فلموں سے مختلف ہوگی، فلم پر تنقید کریں تاکہ مزید کچھ اچھا کرنے کی کوشش کریں ۔
آج ٹی وی سے گفتگو میں اداکار اکبر اسلام کا کہنا تھا کہ جب ہم فلم کررہے تھے تو اس وقت یہی سوچ رہے تھے پتہ نہیں ہمارے شائقین اسے قبول کرینگے یا نہیں کیونکہ یہ بولڈ موضوع ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں ہونے والے حقیقی واقعات سمیت دیگر سماجی موضوع کو کچھ ایسے دکھایا گیا ہے جسے ہضم بھی ہوجائے۔
اداکار نے بتایا کہ فلم کی کہانی میں بھی ایسا ہی دکھایا گیا ہے باپ بیٹی کی محبت کیا ہوتی ہے کیسے ایک دوسرے کو سمجھتے اور سپورٹ کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلم پر تنقید کریں اور ہونی بھی چاہیے تاکہ خامیوں کی نشاندہی ہوسکے تنقید بہت ضروری بھی ہے کیونکہ تنقید ہوگی تو ہم مزید کچھ اچھا کرنے کی کوشش کرینگے ۔
اداکار اکبر اسلام متعدد مقبول ترین ڈراموں میں اپنے اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں اور سال 2024 کی پہلی پاکستانی فلم وکھری میں وہ فریال محمود کے والد کا کردار ادا کررہے ہیں ۔
مزید پڑھیے : فلم وکھری پاکستان کی ہرعورت کو دیکھنی چاہیے
مقتولہ سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ کی زندگی سے متاثر ہوکر تلخ سماجی حقائق پر بنائی جانے والی فلم وکھری کی کاسٹ میں فریال محمود، گلشن مجید، سہیل ثمیر، بختاور مظہر، طوبیٰ صدیقی اور منجھے ہوئے فنکار سلیم معراج شامل ہیں۔
فلم میں معروف ڈائریکٹرعبداللّٰہ صدیقی کی موسیقی میں بین الاقوامی شہرت یافتہ سنگر علی سیٹھی، میشا شفیع اور نتاشا نورانی نے آواز کا جادو جگایا ہے۔
فلم کو پاکستان میں ریلیز کرنے سے قبل اسے گزشتہ ماہ دسمبر میں سعودی عرب میں ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔