Aaj Logo

شائع 05 جنوری 2024 08:14pm

عامر جمال نے آسٹریلیا کیخلاف ایک اور کارنامہ سرانجام دے دیا

آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز کے ہیرو پاکستان کرکٹ ٹیم فاسٹ بولر عامر جمال نے ایک اور کارنامہ سرانجام دے دیا۔

عامر جمال نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا اور اپنی پہلی اننگز میں ہی 6 وکٹیں لے کر انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا۔

نوجوان فاسٹ بولر نے اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹیں لیں اور پھر دوسرے میچ میں بھی 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، صرف گیند سے نہیں بلکہ بلے سے ہی بھی عامر نے اپنے جوہر دکھائے اور دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں قیمتی 33 رنزبنائے۔

عامر جمال نے عمدہ بولنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں انہوں نے 18 وکٹیں حاصل کرلیں۔

اس طرح عامر جمال پاکستان کی تاریخ میں تین میچ یا اس سے کم کی ڈیبیو سیریز میں 18 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ۔

صرف یہی نہیں بلکہ عامر جمال نے ایک ٹیسٹ میچ کی اننگز میں 50 سے زائد رنز اور 6 وکٹیں لے کر بھی ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا۔

سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں عامر جمال نے نہ صرف گیند سے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا بلکہ 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر قومی ٹیم کے اسکور کو 313 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ بولنگ میں بھی انہوں نے 21.4 اوورز کے دوران 69 دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

عامر جمال پاکستان کی جانب سے 21ویں صدی میں ایک ٹیسٹ میچ میں نصف سنچری اور 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔

اس سے قبل یہ اعزاز وسیم اکرم کے پاس تھا، انہوں نے 1990 میں آسٹریلیا کے خلاف 52 اور 123 رنز کی اننگز کھیلی اور ایک اننگ میں 5 اور دوسری اننگ میں ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

خیال رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔

Read Comments