Aaj Logo

شائع 05 جنوری 2024 12:39pm

مذہبی آزادیوں کی امریکی رپورٹ میں بھارت کو کلین چٹ پر متعلقہ کمیشن برہم

عالمی سطح پر مذہبی آزادیوں کی نگرانی پر مامور امریکی کمیشن (USCIRF) نے بھارت اور نائجریا کے حوالے سے تشویش ظاہر کرنے میں محکمہ خارجہ کی ناکامی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بھارت اور نائجیریا کو کلین چٹ دیئے جانے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یو ایس سی آئی آر ایف نے کانگریس میں اس حوالے سے جامع سماعت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان ممالک میں اقلیتی کو لاحق مشکلات کے حوالے سے بحث کی جاسکے۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ امریکہ کے انٹرنیشنل ریلیجیس فریڈم ایکٹ 1998 کے طے کردہ معیار کے مطابق بھارت اور نائجیریا میں مذہبی آزادیاں سلب کی جارہی ہیں اور متعلقہ حکومتیں اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات سے گریز کر رہی ہیں۔

کمیشن نے دونوں ممالک کے حوالے سے تشویش ظاہر نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے دنیا بھر میں مذہبی آزادیوں کی کیفیت کے حوالے سے اپنی سالانہ رپورٹ میں پاکستان کو ان ممالک میں شامل کیا ہے جہاں مذہبی آزادی کے حوالے سے تشویش ناک صورتِ حال پائی جاتی ہے۔ یہ رپورٹ 30 نومبر کو منظر عام پر لائی گئی تھی۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے امریکی محکمہ خارجہ کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں کہیں بھی مذہب کی بنیاد پر امتیاز روا نہیں رکھا جاتا اور ملک میں آباد اقلیتی برادری کے تمام افراد کو عبادت اور مذہبی رسوم ادا کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ان ممالک کی فہرست میں آذر بائیجان کو بھی شامل کیا ہے جہاں مذہبی آزادیوں کا معاملہ بگڑا ہوا ہے۔ یو ایس سی آئی آر ریف نے آذر بائیجان کو اسپیشل واچ لسٹ میں شامل کیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔

Read Comments