عام اتنخابات میں حصہ لینے کے لئے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو بڑا ریلیف مل گیا ہے، کیوں کہ الیکشن ٹریبونل سندھ نے شاہ محمود قریشی اور ان کے صاحبزادے زین قریشی کے کاغذات مسترد کرنے کا ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے، جب کہ عمرایوب کے کاغذات نامزدگی بھی منظور کرلئے گئے ہیں۔
ایبٹ آباد الیکشن ٹربیونل نے این اے 18 ہری پور سے پی ٹی آئی کے امیدوار عمر ایوب کے خلاف دائر پٹیشن خارج کردی، جس کے بعد عمر ایوب اور بابر نواز دونوں الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیئے گئے۔
دونوں رہنماوں نے ایک دوسرے کے خلاف اعتراضات واپس لے لئے تھے، اعتراضات واپس لینے پر دونوں کے کاغزات نامزدگی منظور کیے گئے۔
دوسری جانب الیکشن ٹربیونل سندھ کے فیصلے کے بعد شاہ محمود قریشی کو این اے 214 عمر کوٹ سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے، اور ان کے صاحبزادے زین قریشی کے بھی این اے 214 سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں۔
آراو نے واجبات سے متعلق سند پیش نہ کرنے پر آر او نے کاغزات مسترد کیے تھے۔
دوسری جانب سے این اے 238 سے حلیم عادل کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے، اور کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
الیکشن ٹریبونل نے پیپلزپارٹی کے مرزا اختیار بیگ کو الیکشن لڑنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔
جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیے کہ اگر دہری شہریت ختم ہوچکی ہے تو بیان حلفی جمع کرائیں، بیان حلفی غلط ثابت ہوا تو الیکشن جیتنے کے بعد کامیابی منسوخ ہو جائے گی۔
الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے241 سے تحریک انصاف کے امیدوار ارسلان خالد کی اپیل بھی منظور کرلی ہے اور انہیں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
الیکشن ٹربیونل سندھ میں جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل ٹربیونل نے مزید 3 اپیلوں پر فیصلہ سنادیا اور این اے 236 سے تحریک انصاف کے امیدوار عالمگیرکی اپیل مسترد کردی گئی ہے۔
ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
پی ایس 109سے ایم کیو ایم کے یاسرالدین کی اپیل بھی مسترد کردی گئی ہے، جب کہ این اے 236 سے مرکزی مسلم لیگ کے امیدوارعمران علی کی اپیل منظورکرلی گئی ہے اور ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا ہے۔
این اے 132 سے ن لیگ کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف دائر اپیل پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ شہباز شریف آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے۔
اپیلیٹ ٹریبونل نے ریٹرنگ افسر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد کرنے اور مریم نواز کے کاغذات کی منظوری کے خلاف دائر اپیل پر سماعت آج ہوگی۔