Aaj Logo

شائع 03 جنوری 2024 05:50pm

کراچی کا نہاری سینٹر دنیا کے 100 بہترین ریسٹورنٹس میں شامل

کراچی کے معروف پکوان سیںٹر زاہد نہاری نے دنیا کے 100 لیجنڈری ریسٹورنٹس کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔

دنیا بھر میں فوڈ ریویو کی سب سے بڑی اشاعتوں میں سے ایک ٹیسٹ اٹلس کی جانب سے مرتب کی گئی اس فہرست میں کراچی کے طارق روڈ پر واقع زاہد نہاری 89 ویں نمبر پر ہیں۔

ویب سائٹ کے مطابق ”زاہد نہاری“ کو نہاری میں مہارت حاصل ہے کیونکہ یہاں کی نہاری بھرپور ذائقوں اور نرم گوشت کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ ریسٹورنٹ روایتی پاکستانی کھانوں کے لیے کراچی میں ایک سنگ میل ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ویب سائٹ کے ڈیٹا بیس میں مقامی پکوان پیش کرنے والے 23،751 روایتی ریسٹورنٹس میں سے ، یہ 100 ریسٹورنٹس اپنی لمبی عمر ، گاہکوں کے اعتماد ، اور پکوانوں کی نمایاں حیثیت کی وجہ سے شامل کیے گئے۔

مزید کہا گیا کہ فہرست میں شامل 100 ریسٹورنٹس ’یہ صرف کھانے کی جگہیں نہیں ہیں، بلکہ ان کے شہروں کے لیے ثقافتی ادارے بھی ہیں۔ ان کی اٹلس درجہ بندی تین معیاروں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی، جس میں ریسٹورنٹس کی لمبی عمر، یہاں آنے والوں کی درجہ بندی، اور ان کی پیش کردہ مشہور پکوانوں کے ٹیسٹ کو شامل کیا گیا۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ اٹلس کو دنیا بھر میں روایتی پکوانوں، مقامی اجزاء اور مستند ریسٹورنٹس کا ایک انسائیکلوپیڈیا سمجھا جاتا ہے۔ اس کی فہرست میں 10,000 سے زیادہ کھانے اور مشروبات شامل ہیں، جبکہ درجنوں ہزاروں کی تحقیق اور نقشہ سازی ابھی باقی ہے۔

Read Comments