حلقہ پی پی 222 سے آزاد امیدوار شہزاد نے اپنی مبینہ طور پر ساتھی کے ساتھ مل کر نوجوان مریضہ کو 10 روز تک زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پنجاب کے حلقہ پی پی 222 سے آزاد امیدوار حکیم شہزاد کی مریضہ سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، واقعے کا مقدمہ تھانہ راجا رام شجاع آباد میں دائر کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق شجاع آباد کے علاقے شاہ پور ابھہ بستی سبحان والا میں عطائی شہزاد حکیم کے پاس 20 سالہ لڑکی اپنی ماں کے ساتھ آئی، اور حکیم لڑکی کو دوا سمجھانے کے بہانے کمرے میں لے گیا اور ساتھی کے ساتھ مل کر اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔
ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان لڑکی کی مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بھی بناتے رہے، اور بدنامی کے ڈر سے لڑکی اور اس کے ساتھ دواخانے میں آئی مریضہ کی والدہ کو اغوا کیا اور نا معلوم مقام پر لے گئے، جہاں وہ لڑکی کو 10 روز تک زیادتی کا نشانہ بناتے رہے، تاہم دونوں مغوی خواتین موقع دیکھ کر ملزمان کی قید سے فرار ہوگئیں اور تھانے پہنچ گئیں۔
پولیس کے مطابق خواتین کی درخواست پر مقدمہ درج کیا اور متاثرہ لڑکی کو میڈیکل ٹیسٹ کرائے گئے، رپورٹ میں لڑکی سے جنسی زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔