Aaj Logo

شائع 02 جنوری 2024 01:22am

مہنگا ترین سال: 2023 میں بنیادی ضرورت کی کونسی اشیا کتنی مہنگی ہوئیں

سال 2023 پاکستانی عوام کے لیے مہنگائی کے اعتبار سے بدترین سال ثٓابت ہوا۔ اس ایک برس میں جتنی مہنگائی ہوئی اتنی حالیہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئی۔

نیا سال شروع ہوتے ہی پاکستان کے ادارہ شماریات نے دسمبر کی مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کیے اور معلوم ہوا کہ سال کے آخری مہینے میں مہنگائی نے ایک بار پھر سر اٹھایا ہے اور پچھلے کچھ ماہ میں کم ہونے کے بعد یہ بڑھ کر دوبارہ 29.7 فیصد پر جا پہچی ہے۔

سال بھر کے ڈیٹا سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہنگائی اور سیاسی عدم استحکام کے درمیان قریبی تعلق رہا۔ سب سے زیادہ مہنگائی مئی کے مہینے میں 38 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ یہی وہ مہینہ تھا جب عمران خان کی گرفتاری کے بعد 9 مئی کا واقعہ پیش آیا اور شدید بے یقینی کی صورت حال دکھائی دی۔

ادارہ شماریات کے ڈیٹا سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی ضرورت کی کئی اشیا عوام کے لیے مشکل ہوگئی ہیں۔ جہاں کئی چیزوں کی قیمت میں 50 فیصد کے لگ بھگ اضافہ ہوا وہیں گیس کے نرخ 1100 فیصد بڑھ گئے۔

آٹے کے بیس کلوگرام کے تھیلے کی قیمت 1,556.73 سے بڑھ کر 2,818.49 روپے ہوگئی۔ چاول اور چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

لیکن اچھی بات یہ ہے کہ نومبر میں عالمی ادارہ خوراک کی جانب سے پیش گوئی کی جا چکی ہے کہ پاکستان میں 2024 میں گندم کی فصل اچھی ہوگی اور گندم کی درآمد کی ضرورت کم ہو جائے گی۔ اس کا سبب زمین میں پائی جانے والی نمی ہے جو جون 2023 میں آنے والے سیلاب سے پیدا ہوئی۔

ادارہ شماریات کے اعدادوشمار میں 51 اشیائے ضرورت کی دسمبر 2022 اور دسمبر 2023 کی قیمتوں کا موازنہ دیا گیا ہے۔ یہ اوسط قیمتیں ہیں اور مقامی طور پر بعض علاقوں میں قیمتیں اس سے ہٹ کر بھی ہوسکتی ہیں۔

تاہم ذیل میں دیئے گئے جدول سے قیمتوں میں اضافے کا اندازہ ہوتا ہے۔

نمبراشیائے ضرورتپیمانہقیمت دسمبر 2023قیمت دسمبر 2022% فرق
1آٹے کا تھیلا20kgRs2,818.49Rs1,556.7381.05
2باستمی ٹوٹا چاول1kgRs220.97Rs133.9165.01
3ڈبل روٹی چھوٹیEachRs115.79Rs85.9734.69
4فارمی مرغی1kgRs348.37Rs306.9413.5
5تازہ دودھ1ltrRs185.28Rs148.0525.15
6دہی1kgRs215.53Rs170.7926.2
7انڈے فارمی1 DozenRs367.39Rs278.3831.97
8خوردنی تیلEachRs2,787.10Rs2,734.021.94
9آلو1kgRs83.25Rs62.3133.61
10پیاز1kgRs167.38Rs207.56-19.36
11ٹماٹر1kgRs111.21Rs97.3214.27
12چینی1kgRs141.00Rs93.9550.08
13نمک پسا ہوا80 گرامRs68.77Rs48.2542.53
14پچاس یونٹ والوں کیلئے بجلیPer UnitRs7.04Rs6.547.65
15گیس 3.3719 یونٹ تکMMBTURs1,711.00Rs141.571,108.59
16جلانے کی لکڑی سالم40kgRs1,140Rs1,026.4011.07

گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا سبب آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو قرار دیا جاتا ہے۔ نئے سال کے پہلے مہینے میں ہی آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ اپنے ایک اجلاس میں پاکستان کے لیے قرض کی قسط کی حتمی منظوری دے گا۔ اس کے بعد جب نئی حکومت منتخب ہوگی تو پاکستان کو ایک بار پھر پاکستان سے قرض کی تیسری قسط کے لیے مذاکرات کرنا ہوں گے۔

Read Comments