ترکیہ کے شہر استنبول میں اسرائیل کی غزہ میں جارحیت اور عراق میں کالعدم کرد عسکریت پسندوں کے ہاتھوں ترک فوجیوں کی اموات کے خلاف ہزاروں افراد نے استنبول میں مارچ کیا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے بیٹے بلال اردوان کی جانب سے نکالی جانے والی اس ریلی کا آغاز استنبول کی مشہور مساجد آیا صوفیہ اور بلیو مسجد میں صبح کی نماز ادا کرنے کے بعد ہوا۔
ترکیہ اور فلسطین کے جھنڈے لہراتے ہوئے مظاہرین نے باسفورس پر واقع گلاتا پل کی جانب ریلی نکالی اور ’قاتل اسرائیل، فلسطین سے نکل جاؤ‘ اور ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگائے۔
فلسطینی کاز کے حامی ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے 7 اکتوبر کے بعد سے صیہونی افواج کے غزہ میں وحشیانہ کارروائیوں پر اسرائیل کو بار بار تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔