ایس ایچ او تھانہ سٹی نے جمشید دستی کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق ایم این اے کے گھر کسی قسم کو کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔
تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ایم این اے جمشید دستی نے ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے گھر پر خفیہ ایجنسیاں اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے چھاپہ مارا، اور میری بیوی کو برہنہ کیا گیا، جب کہ وہ ’موبائل فون اور کیمرے بھی توڑ کر لے گئے۔
دوسری جانب ایس ایچ او سٹی مظفر گڑھ خرم ریاض نے جمشید دستی کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ سٹی مظفر گڑھ کا کہنا ہے کہ جمشید دستی کی رہائش گاہ پر کسی قسم کا ریڈ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کی فیملی کو ہراساں کیا گیا۔
خرم ریاض کا کہنا تھا کہ جمشید دستی کی اہلیہ نے ہفتے کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، اس دوران بھی نہ اُن کو ہراساں کیا گیا، اور نہ اُن کی طرف سے کوئی ہراسمنٹ کی درخواست آئی۔
جمشید دستی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ 30 سے 40 گاڑیوں میں خفیہ ایجنسیاں اور سی ٹی ڈی کے اہلکار آئے، اور ظفر کالونی جھنگ روڈ مظفر گڑھ میں داخل ہوئے، اور انہوں نے بہت بڑا ظلم اور بیغیریتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میری بیوی کو ننگا کردیا، تشدد کیا ہے، بچوں کو مارا ہے، میرا چھوٹا بچہ 10 ماہ کا ہے وہ چیختا چلاتا رہا ہے، انہوں نے تین چار گھنٹے ہمیں یرغمال بنایا اور پوری غنڈہ گردی اور بدمعاشی کا مظاہرہ کیا’۔
جمشید دستی نے کہا کہ وہ ’موبائل فون لے گئے، کیمرے توڑ کر لے گئے، چنگی چوک کو یرغمال بنایا، میرے دوستوں کے گھروں میں بھی انہوں نے چھاپا مارا‘۔
سابق ایم این اے نے بتایا کہ ’میرے اوپر ایک کیس تھا، ملتان بینچ سے میں نے ضمانت کرائی، اس کے بعد مظفر گڑھ سے بھی عبوری ضمانت کرالی تھی‘۔ آج رات جو ہواا اس کے بعد میرا دماغ کام کرنا چھوڑ چکا ہے، میں اپنے قبیلے اپنے ووٹرز کے کہتا ہوں کہ خدا کے واسطے اکٹھے ہوجاؤ، ہم اپنی عزتیں اتروا بیٹھے ہیں۔
جمشید دستی جمشید دستی نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’خدا کے واسطے میں پاکستانی ہوں، اتنا بڑا ظلم میں سوچ بھی نہیں سکتا، میرے ساتھ اتنی بڑی زیادتی ہوگئی ہے، میرا جرم یہ ہے کہ میں اس ملک کے ساتھ کھڑا ہوں، اس قوم کے ساتھ کھڑا ہوں، میں ایک ورکر کلاس سے آیا ہوں، میرا یہ گناہ ہے کہ ہم عمران خان کے ساتھی ہیں، کچھ نہیں بچ رہا، اب میں مرنا چاہتا ہوں، مجھے مار دیں، گولیاں مار دیں۔