متحدہ قومی موومنٹ پاکستان قومی اسمبلی کے 4 حلقوں میں مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لئے تیار ہے لیکن اس کے بدلے قومی اسمبلی کے حلقہ 242 سے شہباز شریف کی دستبرداری چاہتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان بدھ کے روز اہم ملاقات ہوگی، جس میں ایم کیو ایم کے وفد میں امین الحق، جاوید حنیف اور حسان صابر جب کہ لیگی وفد میں بشیر میمن، نہال ہاشمی اورعلی اکبر گجر شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق بدھ کو ہونے والی ملاقات میں کراچی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات کو حتمی شکل دئے جانے کا امکان ہے، تاہم ایک سیٹ پر معاملہ اب بھی الجھ سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم قومی اسمبلی کے چار حلقوں این اے229،230،239 اور240 پر مسلم لیگ ن کی سپورٹ کرنے کے لئے تیار ہے، تاہم بدلےمیں ایم کیو ایم این اے 242 سے شہباز شریف کی دستبرداری چاہتی ہے۔
واضح رہے کہ این اے 242 پر شہبازشریف اور مصطفیٰ کمال نے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں، اور ایم کیو ایم پاکستان این اے 242 سے کسی صورت دستبردار ہونے کو تیار نہیں ہے۔