انسانی جسم کو غذائیت سے بھرپورغذائیں ہی صحت بخشتی ہیں، اس لیے طبی ماہرین پھل اور سبزیوں کو غذا میں شامل کرنے پر زور دیتے ہیں۔
جوس کی صورت میں پھلوں اور سبزیوں کو اپنی غذا میں بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ لیکن ان مشروبات کو اعتدال میں رہتے ہوئے ہی اپنی غذا میں شامل کرنا چاہئے۔
موسمِ سرما میں گاجر جیسی سبزی انسانی صحت کو کئی فوائد فراہم کرتی ہے۔ یہ جلد کو چمکدار بناتے ہوئے داغ دھبوں سے پاک رکھتی ہے۔
گاجر اوردھنیے کے پتوں سے بنے مشروب جلد کو یہ فوائد دے سکتے ہیں۔
گاجر میں موجود وٹامن سی کولیجن کی پیداوار میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کولیجن چہرے کی جلد کو مضبوط بنانے کے لئے ضروری ہے۔
گاجر اور ہرا دھنیا سے بنا یہ مشروب چہرے کی جلد کو تازگی بخشتے ہوئے چہرے کی رنگت کو بہتر کرتا ہے۔
گاجر میں موجود بیٹا کیروٹین نامی مرکب جلد کو دھوپ کی شعاؤں سے پہنچنے والے نقصان سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔
متعدد اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور یہ مشروب جلد کے فری ریڈیکل نقصان سے لڑنے میں مدد کرتے ہیں۔
اس مشروب میں وٹامن سی کی مقدار جلد کی لچک کو بہتر بنانے میں بھی مدد کرتی ہے۔ یہ چہرے پر پڑنے والی باریک لکیروں اور جھریوں کو بھی کم کرتی ہے۔
غذائیت سے بھرپور دھنیا کے پتوں کے ساتھ ساتھ گاجر میں وٹامن اے کی زیادہ مقدار بھی اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
گاجراور دھنیا سے بنا مشروب جسم سے زہریلے مادوں کو باہر نکالنے میں مدد کرتا ہے۔ اس مشروب کے ڈیٹاکسی فائینگ اور غذائیت کے اثرات آنتوں کی صحت کے ساتھ ساتھ ہارمونل توازن کو بھی بہتر بناتے ہیں جو مہاسوں کو دور کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
جلد کی صحت کے علاوہ یہ مشروب آنکھوں کی صحت اور قوتِ مدافعت میں بھی کردار ادا کرتا ہے۔