Aaj Logo

شائع 31 دسمبر 2023 08:44pm

کراچی میں نیو ایئر کے موقع پر دفعہ 144 نافذ

شہر قائد میں سال نو کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں، اور دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

کراچی میں سال نو کی جشن کی تیاریاں جاری ہیں، اور دوسری جانب سیکیورٹی انتظامات بھی سخت کردیئے گئے ہیں۔

ڈی ایس پی فریئر آصف کمالی کا کہنا ہے کہ نیو ایئر کے موقع پر دفعہ ایک سو چالیس نافذ کردی گئی ہے، خلاف ورزی کرنے پر مقدمہ درج کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف نے سال نو پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی خادم حسین رند کا کہنا تھا ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے مقدمات درج کیے جائیں گے، جن میں اقدام قتل کی دفعات شامل ہوں گی۔

نیو ایئر نائٹ پر امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر حتمی پلان تشکیل دے دیا ہے، اور ہوائی فائرنگ نہ کرنے کے لیے شہر کی مساجدوں میں اعلانات بھی کیے جارہے ہیں۔

کراچی پولیس چیف کا کہنا ہے کہ نئے سال کی آمد کے موقع پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، اور ہر قسم کا اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی ہوگی، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

ایڈشنل آئی جی کراچی خادم حسین رند نے کہا کہ ون ویلنگ، ہلڑ بازی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی، جب کہ ٹریفک کی روانگی کو یقینی بنانے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اور پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ سے اجتناب کے لئے مساجد سے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کلفٹن کی ساحلی پٹی سی ویو کو بند نہیں کیا جائے گا، ٹریفک بحال رکھنے کے لیے سی ویو پر ون وے ٹریفک چلایا جائے گا جبکہ پولیس اور ٹریفک پولیس امن و امان کی صورتحال بحال رکھنے کے لئے سڑکوں پر موجود ہوگی۔

Read Comments