فرانسیسی یونینز کی ہڑتال کے بعد جنوبی انگلینڈ کی سرنگوں میں سیلاب آنے کے بعد یورو اسٹار کی کم از کم 14 ٹرینیں منسوخ کردی گئیں جس کے باعث کرسمس اور سال نو کے موقع پر سفر کرنے والے مسافروں کی بڑی تعداد پھنس کر رہ گئی ہے۔
فرانسیسی میڈیا کے مطابق کینٹ میں ایبس فلیٹ انٹرنیشنل اسٹیشن کے قریب سیلاب کے باعث سرنگیں ڈوب گئیں۔ جس کے بعد ہفتے کو ٹرینوں کے منسوخ ہونے سے نئے سال کی آمد سے قبل ہزاروںمسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
یورو اسٹار نے ٹرینیں منسوخ ہونے پر مسافروں سے معذرت کی ہے، یہ ٹرین پیرس سے لندن، برسلز اور ایمسٹرڈیم کے لیے ایشفورڈ کے روٹ پر دوڑتی ہے۔
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے بڑے حصوں میں بارش اور برف باری کے حوالے سے انتباہ کیا تھا۔
سیلاب کی وجہ سے یہ خلل آنے سے قبل ہی فرانسیسی یونینز نے اپنی ہڑتال ختم کی تھی۔ اس ہڑتال کی وجہ سے کرسمس کی چھٹیوں پر جانے والے مسافر مشکلات کا شکار تھے اور مال بردار ٹرینیں بھی نہیں چل رہی تھیں۔
خیال رہے کہ یورو اسٹار میں فرانس کی سرکاری کمپنی ایس این سی ایف وویاجو کے 55 اعشاریہ 75 فیصد شیئر ہیں۔ یورو اسٹار کورونا وبا کے دوران تقریباً دیوالیہ ہو گئی تھی لیکن اسے اس کے شیئر ہولڈرز جن میں فرانس حکومت بھی شامل ہے، کے 29 کروڑ یورو کے بیل آؤٹ پیکج کی مدد سے بچایا گیا تھا۔