Aaj Logo

شائع 30 دسمبر 2023 09:02am

پاکستانی خاتون سیما حیدر کے سیما لانگنے کا سوال بھارتی امتحانی میں پہنچ گیا

غیر قانونی طور پر بھارت جاکر شادی کرنے والی پاکستان کی سیما حیدر ایک بار پھر خبروں میں ہے۔

بھارتی ریاست راجستھان میں اسکول کے پرچے میں سیما یعنی سرحد کے حوالے سے سوال آیا تو طالب علم نے ہلکا پھلکا جواب لکھ دیا۔ یہ جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔

چھ ماہ قبل پاکستانی خاتون سیما حیدر اپنے بچوں کے ساتھ بھارت پہنچی تو آج نیوز نے اس کے نام کی مناسبت سے سرخی جمائی کہ پاکستان اور بھارت کی ’سیما‘ یعنی سرحد لانگنے والی خاتون کو دونوں ممالک میں خفیہ ایجنٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

اب سیما حیدر کے نام اور سرحد میں اس مماثلت کا ذکر بھارت میں ایک امتحانی پرچے کے جوابات میں ہوا ہے۔

امتحانی پرچے میں پوچھا گیا تھا کہ بھارت اور پاکستان کی سیما یعنی سرحد کتنی لمبی ہے۔ طالب علم نے جو جواب لکھا وہ سوشل میڈیا صارفین کے لیے ”منورنجن“ کا سامان کرگیا ہے۔

سوال یہ تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کون سی سرحد ہے اور اس کی لمبائی کتنی ہے۔ طالب علم نے لکھا “دونوں دیشوں کے بیچ سیما حیدر ہے۔ اس کی لمبائی 5 فٹ 6 انچ ہے اور دونوں دیشوں کے ببیچ اس کو لیکر لڑائی ہو رہی ہے۔

اس جواب پر انٹرنیٹ کے صارفین نے تبصروں کی بھرمار کردی ہے۔ ایک صارف نے متعلقہ طالب علم کو ”اسٹوڈنٹ آف واٹس ایپ یونیورسٹی“ قرار دیا۔ ایک اور صاحب نے لکھا ”ایسے منفرد جواب پر طالب علم کو اضافی مارکس دیئے جانے چاہئیں۔ امید کی جانی چاہیے کہ اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔“

سیما حیدر نے سالِ رواں کے اوائل میں غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوکر اپنے سچن مینا سے شادی کرلی تھی۔ وہ اپنے ساتھ چار بچے لے کر گئی تھی۔ سیما اور سچن کی دوستی 2019 میں وڈیو گیم پلیئر ان نونز بیٹل گرائونڈز (پب جی) کے ذریعے ہوئی تھی۔

بھارتی پولیس نے غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے پر سیما حیدر کو اور اسے پناہ دینے پر سچن کو گرفتار کرلیا تھا۔ بعد میں 7 جولائی کو دونوں کی ضمانت منظور کرلی گئی اور تب سے وہ دونوں گریٹر نوئیڈا کے علاقے ربو پورہ میں ساتھ رہتے آئے ہیں۔

Read Comments