Aaj Logo

شائع 29 دسمبر 2023 07:18pm

بلاول بھٹو کے کاغذاتِ نامزدگی کے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی کے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

بلاول بھٹو کے وکیل نے کاغذاتِ نامزدگی کے اعتراض کا جواب داخل کروا دیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے وکیل نے تحریری دستاویزات و دلائل ریٹرننگ افسر کو جمع کروا دیے۔

بلاول کے وکیل افتخار شاہد نے کمیشن کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ اعتراض کنندہ اس حلقے کا رہائشی نہیں نارووال کا رہائشی ہے، کچھ قوتیں چاہتی ہیں کہ بلاول بھٹو پنجاب سے الیکشن نہ لڑیں۔

بلاول کی قانونی ٹیم نے مؤقف اپنایا کہ بلاول بھٹو کے کاغذاتِ نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز لکھا جانا انسانی غلطی ہے، جسے درست کر رہے ہیں۔

قانونی ٹیم نے یہ بھی کہا کہ بلاول بھٹو کے سندھ میں کاغذاتِ نامزدگی منظور ہو چکے ہیں، صرف پنجاب میں مسئلہ بنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کے وکیل نے کہا کہ الیکشن رولز کے مطابق یہ اعتراض درست کیا جا سکتا ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ بلاول بھٹو زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی پر اعتراضات مسترد کیے جائیں۔

جس کے بعد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے کاغذاتِ نامزدگی کے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں۔

بلاول بھٹو کی درخواست پر اعتراضات

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے این اے 127 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذاتِ نامزدگی پر شہری محمد ایاز نے اعتراضات عائد کر رکھے ہیں۔

درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔

شہری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے، بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہو سکتا ہے، بلاول بھٹو زرداری کا دو جماعتوں کا رکن ہونا الیکشن ایکٹ کی خلاف وزری ہے۔

ایاز صادق، اسلم گل سمیت دیگر کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل

عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل جاری ہے، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق، پیپلز پارٹی کے اسلم گل سمیت دیگر کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہوگی۔

ملک بھر میں عام انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا آج پانچوں روز ہے۔

لاہور کے حلقہ این اے 120 سے لیگی رہنما ایاز صادق کے این اے 127 اور پی پی 161 سے پی ٹی آئی کے عبدالعلیم کلواڑ اور اعجاز چوہدری کے این اے 127 سے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی۔

پی پی 171 سے پی ٹی آئی امیدوار حماد اظہر کے کاغذات پر بھی اعتراض عائد کردیا گیا۔

الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے سے متعلق حتمی فہرستیں کل جاری کرے گا۔

حنیف عباسی، راجہ بشارت سمیت دیگر کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل

راولپنڈی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کے لیے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل آج بھی جاری رہا، آر او آفس نے آج مجموعی طور پر 43 امیدواروں کو طلب کر رکھا تھا۔ حنیف عباسی، راجہ بشارت، اعجاز خان جازی اور عنبرین ترک کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی۔

عام انتخابات کے لیے اپنی قسمت آزمانے والوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔

راولپنڈی کی قومی و صوبائی اسمبلی کی 6 نشستوں کے لیے 43 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا گیا، 3 قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 13 امیدواروں کو طلب کیا گیا جن میں این اے 53 اور 55 سے 2،2 جبکہ این اے 56 سے 9 امیدوار شامل تھے۔

اسی طرح صوبائی اسمبلی کی 3 نشستوں کے لیے 32 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کی گئی جن میں پی پی 16 سے 7 پی پی 17 سے 9 اور پی پی 15 سے 16 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال ہوئی۔

سابق صوبائی وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی جگہ سردار عبدالرازق ایڈوکیٹ آر او آفس پیش ہوئے اور کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کروایا۔

حنیف عباسی، حماس عباسی، اعجاز خان جازی اور عنبرین ترک کے این اے 56 سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا۔

قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل کل شام تک جاری رہے گا۔

بلوچستان بھر میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کا عمل 5ویں روز بھی جاری

کوئٹہ سیمت بلوچستان بھر میں انتخابی عمل کا حصہ بنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کا عمل پانچویں روز بھی جاری رہا کوئٹہ میں قومی اسمبلی کی 3 اور صوبائی اسمبلی کی 9 جبکہ بلوچستان سے خواتین کی قومی اسمبلی کی 4، صوبائی اسمبلی کی 11 اور اقلیتوں کی 3 مخصوص نشتوں پر الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کا عمل 25 دسمبر سے شروع کیا گیا جو پانچویں روز بھی جاری رہا۔

کوئٹہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 262 کوئٹہ ون پر 52، این اے 263 کوئٹہ ٹو پر 56 امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہوئی۔

این اے 264 کوئٹہ تھری پر 49 کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل ہوئی، اسی طرح صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں پر اب تک 251 امیدواروں کے کاغذات جانچ پڑتال کے بعد درست قرار پائے۔

خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر 138 امیدواروں کے کاغذات کی بھی جانچ پڑتال ہوچکی۔

کل کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا اخری دن ہے، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف بلو چستان کے 2 ججوں پر مشتمل الیکشن ٹربیونل 3 جنوری سے سماعت کرے گا۔

Read Comments