سابق وزیراعظم اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن سے پاکستان کو کھویا ہوا مقام دلانے کے سفر کا آغاز کریں گے۔
کراچی کے حلقہ این اے 242 کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج آپ سے بات کرکے انتہائی خوشی ہورہی ہے، 2018 کے الیکشن میں مجھے فراڈ اور جعلی طریقے سے ہٹایا گیا، حمایت کرنے پر اپنے تمام کارکنوں کا شکرگزار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 الیکشن میں آرٹی ایس بند کیا گیا، بڑے حوصلے اور ہمت سے 16 جماعتوں کو چلایا، ہماری جماعت کو دیوار سے لگایا گیا تھا لیکن ہم نے مشکل وقت کو دعاؤں کے ساتھ کاٹا۔
ہم نے مہنگائی میں کمی کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ملی
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی، جہاں سیاسی استحکام نہ ہو وہاں معاشی استحکام نہیں آتا، ہم نے مہنگائی میں کمی کرنے کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ملی۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں کراچی کا امن قائم ہوا، 11 مہینے میں میٹرو بس لاہور میں لگائی، کراچی میں گرین لائن کو 5 سے 6 سال کیوں لگے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں مہنگائی پچھلی حکومت سے ورثے میں ملی تھی، ڈوب مرنے کا مقام ہوتا اگرغفلت سے مہنگائی لاتا، البتہ نواز شریف کو منتخب کیا تو کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ ختم ہوگا۔
ایم کیو ایم کے دولت خانے میں نواز شریف کا پیغام لیکر حاضر ہوا ہوں
قبل ازیں، ایم کیو ایم رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیطاز شریف نے کہا کہ آج ایم کیوایم کے دولت خانے میں حاضر ہوئے، قائد نواز شریف کا خلوص سے بھر پور پیغام لیکر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ہمارے تعلقات دہائیوں پر محیط ہیں، مخلوط حکومت بنی تو ایم کیوایم کے ساتھ بہتراعتماد، احترام کا رشتہ مضبوط ہوا، تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب،پاکستان کے ڈیفالٹ کاخطرہ تھا، لیکن معاشی سمیت دیگر چیلنجز کو مل کر حل کرنے کی کوشش کی۔
کچھ قوتیں پاکستان کو سیاسی و معاشی انتشار میں مبتلا دیکھنا چاہتی ہیں
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگلا الیکشن یہ فیصلہ کرے گا کہ کیا پاکستان نے ترقی کی طرف جانا ہے، کچھ قوتیں پاکستان کو سیاسی و معاشی انتشار میں مبتلا دیکھنا چاہتی ہیں، ملکی معاشرے میں گزشتہ 4 سال زہر گھولا گیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن سے پاکستان کو کھویا ہوا مقام دلانے کے سفر کا آغاز کریں گے اور عوام کی ترقی کے لیے ہر چیز وقف کردیں گے۔
اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہرہے، یہاں کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کراچی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان بھر سے لاکھوں لوگ روزگار کے لیے یہاں موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی گیٹ وے ہے، نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں کراچی کا امن بحال کیا، نواز شریف نے کراچی کو گرین لائن کا منصوبہ دیا، پارٹی قائد سے دھاندلی کے ذریعے اقتدارچھینا گیا، اب ان کی قیادت میں بھرپور الیکشن مہم چلائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:
الیکشن پر مذاکرات کیلئے ن لیگ اور ایم کیو ایم وفود کی آج ملاقاتہوگی
انصاف کے ترازو کو ایک لاڈلے کی طرف جھکایا جارہا ہے، شہباز شریف
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا منشور جلد عوام کے سامنے آئے گا، کراچی سے ٹینکر مافیا کا خاتمہ کریں گے، البتہ اب ہم سب مل کر قائد کے پاکستان کو خوشحال بنائیں گے۔