اسلامی کانفرنس کی تنظیم (او آئی سی) نے جدہ میں ہیدڈ کوارٹرز کی نئی عمارت فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا ہے۔
او آئی سی کے جنرل سیکریٹریٹ کی نئی عمارت تنظیم کی سرگرمیوں اور مہمانوں کے استقبال کے لیے تیار ہے۔
او آئی سی بہت جلد نئے جنرل سیکریٹریٹ سے تمام سرگرمیاں انجام دینا شروع کرے گی۔ یہ عمارت شمال مشرقی جدہ کے علاقے الریان میں واقع ہے۔ او آئی سی نے ایک بیان میں بتایا کہ جنرل سیکریٹریٹ کی نئی عمارت زیادہ بڑی ہے اور اس سے ادارے کو اپنی سرگرمیاں بہتر طور پر جاری رکھنے میں خاصی مدد ملے گی۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حصین براہیم طٰہٰ نے غیر معمولی اخلاقی معاونت اور نئی عمارت کے لیے تنظیم کے میزبان اور 14 ویں سربراہ کانفرنس کے صدر سعودی عرب، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
حصین براہیم نے او آئی سی کی کارکردگی کا معیار بلند رکھنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی حمایت پر بھی سعودی عرب کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب بہتر کارکردگی یقینی بنانے کے لیے تنظیم کی حمایت اور مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھرپور معاونت پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی اظہارِ تشکر کیا ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے بتایا کہ تنظیم نے نئی عمارت میں کام شروع کردیا ہے اور کئی اجلاس منعقد کیے جاچکے ہیں۔ اب یہ عمارت تنظیم کی سرگرمیوں اور مہمانوں کے خیر مقدم کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔