سرما میں اکثریت کو بھوک زیادہ محسوس ہوتی ہے اس لیے شام کی چائے کے ساتھ اسنیکس پر بھی زور ہوتا ہے۔ اس کے لیے بیکری آئٹمز کی جگہ گھر پر ہی بنائے گئے کھانوں کو ترجیح دینی چاہیئے جو بجٹ میں ہلکے لیکن غذائیت میں بھاری ہوتے ہیں۔
بات کی جائے اسنیکنگ کی تو اکثریت کو میٹھے یعنی کیک بسکٹس کے علاوہ نمکین اشیاء پسند آتی ہیں جو ان کی چائے کا لطف بھی دوبالا کردیتی ہیں۔
شام کی چائے یا بے وقت کی بھوک کے لیے اسپرنگ رول ایک ایسی ڈش ہے جو سبھی خواتین کو گھروں میں تیار رکھنی چاہئیے کیونکہ یہ بچوں کے علاوہ بڑوں کی بھوک کا بھی فوری اور لذیذ حل ہے۔
اسپرنگ رول کے بنیادی اجزاء میں چکن اور سبزیاں شامل ہوتی ہیں جو غذائیت کے لحاظ سے بھی بہترین ہیں۔
اجزاء:
چکن بون لیس 500 گرام، لمبائی میں کٹی ہوئی (پہلے سے ہی تھوڑا سا سویا ساس، چلی ساس، ایک چٹکی کالی مرچ ڈال کر رکھ لیں)
ہری پیاز : 2 سے 3
بند گوبھی : چھوٹے سائز کی ایک یا حسبِ پسند
شملہ مرچ : 2 سے 3
گاجر : 3 سے 4 عدد
حسب ذائقہ نمک، سویا ساس، سرکہ، کالی پسی مرچ، سفید پسی مرچ، اوریگانو
ایک سے ڈیڑھ چھوٹا چمچ پسی چینی یا براؤن شوگر
انڈا : ایک عدد
کوکنگ آئل : حسبِ ضرورت
ترکیب:
ایک کڑاہی میں تیل ڈال کر اس میں ہرے پیاز کا سفید حصہ اور پہلے سے میری نیٹ کی گئی چکن ڈال کر پکالیں۔ خیال رہے کہ کوکنگ آئل کی مقدار بہت زیادہ نہ ہو کیونکہ چکن اپنا پانی بھی چھوڑے گا اور جلدی گل بھی جاتا ہے۔
چکن گلنے پر لمبائی میں ہی باریک کٹی سبزیاں ڈال کر 2 سے 3 منٹ اسٹر فرائی کریں۔ اسی دوران ساسز اور مصالحے شامل کردیں۔
سبزیوں کو بہت زیادہ نہیں پکانا، کرنچی ہی رکھیں کیونکہ بعد میں انہیں فرائی بھی کیا جاتا ہے۔
قدرے ٹھنڈا ہوجانے پر رول پٹیاں لے کر اس میں مصالحے کی فلنگ کرلیں اور انڈے کی سفیدی سے پٹیوں کو بند کریں۔
اب گرم تیل میں درمیانی آنچ پر ہلکے سُنہرے ہوجانے تک تلیں۔ مزیدار اسپرنگ رول تیار ہیں۔
انہیں اپنی پسندیدہ ڈِپ کے ساتھ انجوائے کریں۔