پنجاب کے مختلف علاقے مسلسل دھند کی لپیٹ میں ہیس جس کی وجہ سے موٹرویز اور دیگر شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں جبکہ لاہور ائیرپورٹ پر کئی پروازی متاثر ہوئی ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ کے اطراف بھی دھند کا راج ہے، جس کے باعث ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا ہے۔
دھند کے باعث اندرون اور بیرون ملک نو پروازوں کی روانگی تاخیر کا شکار ہے، جس میں ریاض، جدہ، ٹورانٹو اور دبئی کی پروازیں شامل ہیں۔
اندرون و بیرون ممالک سے آنے والی پانچ پروازیں بھی لاہور لینڈ نہ کرسکیں۔
مسقط، ریاض اور جدہ کی پروازوں کو لاہور آمد میں تاخیر کا سامنا ہے۔
ایئرپورٹ پر ایئر لائنز کو موسمیاتی وارننگ جاری کردی گئی ہے اور کپتانوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور سے اسموگ جانے کو تیار نہیں اور سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ دھند بھی بڑھ رہی ہے جس کے باعث صبح اور شام کے اوقات میں شہریوں کے لیے سفر کرنا مشکل ہوگیا ہے۔
حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں، ننکانہ صاحب اور گردونواح میں دھند کا راج برقرار ہے۔ حدنگاہ انتہائی کم ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، موٹر ویز اور دیگر شاہرائیں ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ٹو، ایم تھری، ایم فور،ایم فائیو اور ایم الیون کو دھند کے باعث بند کردیا، عوام رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
مُلک میں شدید دھند کی وجہ سے پی آئی اے کی درجنوں پروازیں متاثر
پتوکی: دھند کے باعث 14 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ایک شخص جاں بحق
ادھر وزیرآباد میں دھند کے دوران 8 مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر 40 کے قریب افراد کو لوٹ لیا، ڈاکو شہریوں سے دو گھنٹوں میں نقدی، زیورات اور موبائل چھین کر با آسانی فرار ہوگئے۔