ایف آئی اے نے بینکنگ فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم گرفتار کرلیا، محمد فیاض 2 سال سے روپوش تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے بینکنگ فراڈ میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم محمد فیاض نجی بینک میں جعلی اکاونٹس کھلوانے میں ملوث تھا، اور اس نے شکایت کنندہ کے نام پر جعلی بینک اکاؤنٹ کھلوایا اور جعلی چیک بک بھی حاصل کی۔
ترجمان کے مطابق محمد فیاض کی جانب سے رقوم کے چیک جاری کئے گئے جو باونس ہو گئے، اور ملزم روپوش ہوگیا، اور 2 سال تک غائب رہا۔
ملزم محمد فیاض کے خلاف سال 2020 میں مقدمہ درج ہوا تھا، اس کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے عدالت نے آرڈر جاری کئے تھے، کمرشل بینکنگ سرکل نے کامیاب کارروائی میں ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔