بالی ووڈ اداکار اور پروڈیوسر کمال راشد خان (کے آر کے) کو ممبئی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اگر مر جاؤں تو آپ کو پتہ ہونا چاہیے یہ قتل ہے‘۔
اداکار اور فلم ساز کمال آر خان نے ایک تفصیلی بیان کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر اپنی گرفتاری کی خبر شیئر کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نے بیان میں کہا کہ ’میں گزشتہ ایک سال سے ممبئی میں ہوں۔ اور میں باقاعدگی سے اپنی تمام عدالتی تاریخوں میں شرکت کر رہا ہوں۔ آج میں نئے سال کے لئے دبئی جا رہا تھا، لیکن ممبئی پولیس نے مجھے ہوائی اڈے پر گرفتار کر لیا۔
بیان میں مزید کہا کہ پولیس کے مطابق میں 2016 کے ایک معاملے میں مطلوب ہوں۔ سلمان خان کہہ رہے ہیں کہ ان کی فلم ٹائیگر3 میری وجہ سے فلاپ ہوئی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر میں تھانے یا جیل میں کسی بھی حالت میں مر جاتا ہوں، تو آپ سب کو معلوم ہونا چاہئے کہ یہ ایک قتل ہے، اور آپ سب جانتے ہیں، کون ذمہ دار ہے! (ایس آئی سی)‘۔
یاد رہے کہ کمال آر خان کو اس سے پہلے 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پہلی بار انہیں آنجہانی اداکار عرفان اور رشی کپور کے بارے میں مبینہ طور پر متنازعہ ٹویٹس شیئر کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ کچھ دن بعد ستمبر کے اوائل میں کمال آر خان کو مبینہ طور پر اپنے فٹنس ٹرینر کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
کمال آر خان اکثر بالی ووڈ اور مشہور شخصیات پر تنقید کی وجہ سے سرخیوں میں رہتے ہیں۔ وہ بھوجپوری اور ہندی فلموں میں نظر آنے اور پروڈیوس کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے بگ باس سیزن 3 میں بھی کام کیا۔