پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مخالفین کو دعوت دیتے ہیں، ایک ہوکر ہمارامقابلہ کریں، الیکشن میں نواز شریف کا نعرہ ہوگا ”مجھے کیوں بلایا“۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو شہداد کوٹ پہنچے اور این اے 196 کی نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے، جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، میں نے قمبر شہداد کوٹ سے اپنے کاغذات جمع کرائے دیے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے، آج پاکستان کے حالات بہت برے ہے، عوام مہنگائی کے باعث مشکل میں ہیں، مزدوروں، کسانوں کو ان کا حق دلوانا چاہتے ہیں، صحت کی سہولیات ہر شہری کے لیے مفت ہونی چاہیے، قائد عوام نے روٹی، کپڑا اور مکان کا منشور دیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف مل رہا ہے، سائفرایک سنجیدہ کیس ہے، جس کی پوری تفتیش ہونی چاہیے، اور اس کی حقیقت عوام کے سامنے آنی چاہیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں نواز شریف کا نعرہ ہوگا ”مجھے کیوں بلایا“، مخالفین کو دعوت دیتے ہیں، ایک ہوکر ہمارامقابلہ کریں۔