ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی کرسمس کی تیاریاں عروج پر ہیں، مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کرسمس ٹریز اور سجاوٹ کے سامان سے گھروں کو سجانے میں مصروف ہیں۔
مسیحی برادری حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم پیدائش منانے کی تیاریاں کررہی ہے۔ مارکیٹس میں کرسمس ٹریز کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا سمیت دیگر آرائشی سامان کی دکانوں پر رش ہے۔
کرسمس ٹری کی سجاوٹ ہو یا بچوں کے لیے تحفے، جیسے جیسے کرسمس کا دن قریب آ رہا ہے مسیحی برادری کا جوش و خروش بڑھتا جارہا ہے۔
بڑوں کے ساتھ بچے بھی کرسمس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ بچوں کا کہنا ہے کہ ہم ہر سال کرسمس تہوار جوش و خروش سے مناتے ہیں، اس موقع پر ہمیں بہت سے تحائف بھی ملتے ہیں اور ہم بھی دوسروں میں تحائف تقسیم کرتے ہیں۔
اپنے مذہبی تہوار پر مسیحی برادری پاکستان کی سلامتی کیلئے بھی دعا گو ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، چاہتے ہیں کہ ملک ترقی کرے اور لوگوں کے مسائل حل ہوجائیں۔
مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ یسوع مسیح کی پیدائش کا دن سب کیلئے خوشیاں لے کرآتا ہے، ’کرسمس کا تہوار خوشیاں بانٹنے کا نام ہے‘۔