بھارت میں آئندہ الیکشن میں کامیابی کے لئے مودی سرکار پاکستان دشمنی میں پاگل دکھائی دے رہی ہے، اس حوالے سے پرانے معصوم قیدیوں کو نشانہ بنا کر ممکنہ فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا۔ مودی سرکار کے اس فالس فلیگ آپریشن کی خبر راء کے زیرِ انتظام سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ڈھکے چھپے الفاظ میں دی ہے۔
ممکنہ فالس فلیگ میں پرانے قیدیوں کوتشددُ کا نشانہ بنا کر انہیں دہشت گردی اور پاکستان سے در اندازی سے جوڑنا ہے، مودی سرکار نے کشمیریوں پر کی جانے والی بربریت کو چھپانے کیلئے قیدیوں کو دہشت گرد دکھا کر فالس فلیگ آپریشن کی منظوری دی۔ جس کا چرچہ سوشل میڈیا پر بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے جڑے اکاؤنٹس سے بھی کروایا جا رہا ہے۔
بھارتی سکیورٹی فورسز ان معصوم قیدیوں کو بربریت کا نشانہ بنا کر الزام پاکستان پر لگانے کا ڈرامہ بنا چکی ہے، مودی سرکار کے تیار شدہ اس منصوبہ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل میڈیا بلیک آؤٹ کر دیا گیا، کشمیریوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 21 دسمبر کو ضلع پونچھ میں سورنکوٹ بھارتی فوج کے ٹرکوں پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا تھا، جس میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے، ٹرک اہلکاروں کو لے کر بیس جارہے تھے۔
بھارتی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں 5 بھارتی قابض فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے پاکستان مخالف واویلا تیز کردیا ہے۔
نام نہاد پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ نے پونچھ سیکٹر میں سرچ آپریشن کے دوران گھات لگا کر کیے گئے حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا۔
مقبوضہ وادی میں لاکھوں فوجیوں اور خصوصی ریزرو فورس کے دستوں کی تعیناتی کے باوجود مقامی کشمیر حریت پسندوں کے حملے روکنے میں ناکامی پر ملبہ پاکستان پر گرانا بھارتی قیادت اور میڈیا کا پرانا وتیرا ہے۔
بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سکیورٹی فورسز نے پونچھ اور راجوری کےعوام پر دھاوا بول دیا اور تقریباً 80 سے زائد معصوم کشمیروں کو قید کرلیا۔ تھرڈ ڈگری غیر انسانی ٹارچر کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 4 معصوم اموات ہوئیں۔
خیال رہے کہ ماضی میں بھی بھارت نے الیکشن میں کامیابی کے لئے بالاکوٹ میں فالس فلیگ آپریشن اور پلوامہ ڈرامہ رچایا۔ 26 فروری 2019 کو ہندوستان کے جنگی طیارے بالاکوٹ پر حملہ آور ہوئےفروری 2019 کو مودی سرکار کی جانب سے پلوامہ ڈرامہ کر کے الزام پاکستان پر لگانے کی کوشش کی گئی۔
ستمبر 2023 کو راجوری سیکٹر میں پانچ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت مودی کی اپنے ہی فوجیوں کے خون سے سیاست کھیلنے کی ناکام کوشش تھی۔ جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار اور ہندوستانی فوج مقبوضہ کشمیر میں اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے کوشاں ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار بین الاقوامی سطح پر سکھوں کے قتل کے معاملے پر ہزیمت اُٹھانے کا غصہ پاکستان پر نکالنا چاہتی ہے، اِن ہتھکنڈوں سے مودی کا ہندوستان پہلے ہی پوری دنیا میں بدنام اور رسوا ہو چُکا ہے۔