ٹیکنالوجی کی دنیا میں سرکردہ حیثیت کے حامل امریکی ادارے مائیکرو سوفٹ نے ریاست وسکونسن میں 407 ایکڑ زمین 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر (21 ارب روپے) میں خریدی ہے۔ اس میں کدو کا ایک معروف کھیت بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں یہ زمین مکئی کی کاشت کے لیے بھی استعمال ہوتی رہی ہے۔
ملواکی بزنس جرنل نے بتایا ہے کہ مائیکرو سوفٹ نے کروزائگر فیملی کی زمین پر متعدد عمارات پر مشتمل ڈیٹا سینٹر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ رقم (76 ملین ڈالر) مائونٹ پلیزنٹ کے علاقے میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا حصہ ہے۔
فاکس کون ٹیکنالوجی گروپ سے ایک سمجھوتے کے تحت مقامی حکومت نے کروزائگر فیملی کو اس زمین کے لیے 2017 میں اس رقم کے ایک تہائی کی پیشکش کی تھی۔
مائیکرو سوفٹ کی طرف سے جو رقم اس زمین کے لیے ادا کی جارہی ہے وہ اس کی موجودہ مارکیٹ ویلیو سے زیادہ ہے۔ 2023 کے اوائل میں اس زمین کی ویلیو ایک لاکھ 74 ہزار ڈالر طے کی گئی تھی۔ بعد میں اس کی ویلیو کا اندازہ 5 لاکھ 98 ہزار ڈالر لگایا گیا۔
کروزائگر فیملی کی زمین میں مکئی کے کھیت بھی شامل ہیں۔ اس زمین سے متصل 641 ایکڑ زمین بھی مائیکرو سوفٹ نے خریدی ہے۔ اب اس علاقے میں مائیکرو سوفٹ کی سرمایہ کاری 10 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی ہے۔ فاکس کون نے یہاں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا تھا تاہم بعد میں اس نے اپنا ارادہ تبدیل کرلیا۔
ملواکی بزنس جرنل نے بتایا کہ مائیکرو سوفٹ اپنے اس ڈیٹا سینٹر کے لیے ابتدا میں 200 بھرتیاں کرے گا۔ بعد میں ضرورت کے مطابق مزید 460 بھرتیاں کی جائیں گی۔ فاکس کون نے یہاں پلانٹ قائم کرکے 13 ہزار بھرتیوں کا ارادہ ظاہر کیا تھا۔