معروف قانون دان جسٹس شائق عثمانی نے کہا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ ججز نے سمجھا ہوکہ کیس اتنا حساس نہیں، ہوسکتا ہے ججز نے عمران خان کی ضمانت لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے دی ہو، مسلم لیگ (ن) کے رہنما آصف کرمانی نے کہا کہ عمران خان کو ضمانت ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ کیس ختم ہوگیا، ان کے خلاف توشہ خانہ اور دیگر کیسز بھی ہیں، پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ لڑائیاں ہی کی ہیں، اقتدار میں بھی وہ کرکٹر کی طرح ہی نظر آتے تھے۔
آج نیوز کے پروگرام ”روبرو“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینئر قانون دان جسٹس شائق عثمانی نے کہا کہ ضمانت کو اتنی اہمیت نہیں دینی چاہیئے، کیس ختم نہیں ہوا، ہوسکتا ہے کہ ججز نے سمجھا ہوکہ کیس اتنا حساس نہیں، ججز نے دیکھا ہوگا کہ کیس میں سزائے موت یا عمر قید نہیں ہوسکتی۔
جسٹس شائق عثمانی نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اس لیے ضمانت دی ہو تاکہ لیول پلیئنگ فیلڈ مل جائے، ضمانت کیس پر ریمارکس دینا مناسب نہیں تھا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہ عمران خان کو ضمانت ملنے کا یہ مطلب نہیں کہ کیس ختم ہوگیا، بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ ہیں، انہیں نااہل قرار دیا جاچکا ہے۔
آصف کرمانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خوشیاں منانے سے زمینی حقائق تبدیل نہیں ہوں گے، مٹھائیاں کھانے سے شوگر لیول بہتر ہوتا ہے، حقائق یہی ہیں کہ عمران خان 5 سال کے لیے نااہل ہیں، سائفر اور توشہ خانہ کیس ابھی ختم نہیں ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں حقیقی مسائل پر کوئی بات نہیں کررہا، تمام سیاسی جماعتیں الزامات کی سیاست کررہی ہیں، الزامات کی سیاست نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا ہے، کسی کو امتیازی سلوک محسوس ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن جاسکتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کےحقیقی مسائل پر بات کرنی چاہیئے، عوام کا لاڈلہ وہی ہوگا جس کا انتخاب عوام کریں گے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہمیشہ لڑتے ہوئے ہی نظر آئے، ہمیشہ ایسا لگا وہ کرکٹ کھیل رہے ہیں، سیاست اور اقتدار میں بھی وہ لڑتے ہی رہے۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ آج عدلیہ آزاد ہے، ان کو سلوٹ مارنے والی نہیں، عدلیہ نے بہتر سمجھا تو ضمانت دے دی، آگے دیکھتے ہیں، پیپلزپارٹی کو کبھی انصاف نہیں ملا، پیپلزپارٹی کو کبھی انتخابی ماحول نہیں ملا۔
شہباز شریف نے این اے 132 قصور سے بھی کاغذات نامزدگی جمعکروادیے