Aaj Logo

شائع 22 دسمبر 2023 03:10pm

سائفر کیس میں ضمانت: عمران خان کی رہائی کے کتنے امکانات ہیں؟

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت منظور کرلی ہے، تاہم ان کی رہائی کے امکانات بہت کم ہیں۔

سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی 10، 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی ہے۔

سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی رہائی کے امکانات نظر نہیں آرہے، کیوں کہ دونوں کے خلاف مزید کیسز بھی زیر سماعت ہیں۔

عمران خان کے خلاف ایک کیس توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس (القادر ٹرسٹ) بھی زیر سماعت ہیں، جس میں وہ پہلے ہی گرفتار ہیں۔ یہ دونوں کیسز نیب کی جانب سے دائر کئے گئے تھے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی پہلے ہی جیل میں تھے، عمران خان کے خلاف دونوں کیسز ٹرائل کورٹ میں زیر سماعت ہیں اور ٹرائل کورٹ کا فیصلہ آجانے تک عمران خان کو جیل سے رہائی نہیں مل سکتی۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی توشہ خانہ فیصلے کو معطل کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

بنچ نے فیصلے میں کہا کہ میں کہا گیا ہے کہ قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظر ثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے سزا معطل ہوسکتی ہے فیصلہ نہیں، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ سیشن کورٹ نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی تھی۔ تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی پی ٹی آئی کی قید اور جرمانے کی سزا معطل کردی گئی تھی۔

Read Comments