سیکیورٹی اینڈ ایکچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے عوام کو پرائم زون نامی کمپنی میں سرمایہ کاری اور کسی بھی مد میں رقوم جمع کرانے سے خبردار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ میں ایس ای سی پی نے کہا کہ ادارے کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ میسرز پرائم زون اور اس کے مالک عمران بٹ زیادہ منافع کا لالچ دے کر عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم جمع کر رہے ہیں۔
پوسٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ عوام کو ایل پی جی میں سرمایہ کاری کے نام پر گمراہ کیا جارہا ہے۔
ایس ای سی پی کا مزید کہنا ہے کہ ’پرائم زون لمٹیڈ‘ کے نام سے سوشل میڈیا پرپیجز بناکر یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ پرائم زون کوئی رجسٹرڈ کمپنی ہے۔ اس نام کی کوئی کمپنی ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ نہیں اور نہ ہی سے عوام سے رقوم وصول کرنے یا سرمایہ کاری کے منصوبے شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
عوام کو انتباہ کیا گیا ہے کہ وہ میسرز ٹائم زون اور عمران بٹ کے پاس رقوم جمع نہ کرائیں۔ اس حوالے سے متعلقہ افراد کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔