سندھ ہائیکورٹ نے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے جاری کیا گیا قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا۔
جمعرات کو سندھ ہائیکورٹ میں ٹیکسٹائل صنعت کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے ایس ایس جی سی کی جانب سے جاری گیس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے کہا کہ معطلی کا اطلاق صرف درخواست گزاروں پر ہوگا۔
عدالت نے ایس ایس جی سی اور وفاقی حکومت کو نوٹسز جاری کر دیے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ ٹیکسٹائل صنعتیں اضافی بل ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرائیں۔ حکم امتناع ان کیلئے ہے جو 7 روز میں بلز ناظر کے پاس جمع کرائیں گے۔
عدالت نے کہا کہ بلز ناظر کے پاس جمع نہیں کرائے تو حکم امتناع ختم ہوجائے گا۔
عدالت نے کہا کہ جب تک فیصلہ نہیں ہوتا رقم سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع رہے گی۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ اضافے سے پہلے والے ٹیرف کے مطابق بل ادا کرتے رہیں۔