فیصل آباد جنرل اسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کی وجہ سے 6 ماہ کی بچی جاں بحق ہوگئی، اہل خانہ کا الزام ہے کہ ڈاکٹر نے بچی کو انجیکشن لگایا جس کے بعد اس کی حالت غیر ہوگئی اور وہ انتقال کرگئی۔
بچی کے لواحقین کے مطابق وہ 6 ماہ کی انابیہ کو گلا خراب ہونے اور بخار کے باعث جنرل اسپتال سمن آباد لائے تھے، جہاں پر موجود ڈاکٹر نے بچی کو آتے ہی انجیکشن لگا دیا، جس کے فوری بعد بچی کی حالت غیر ہو گئی اور وہ انجکشن لگنے کے چند ہی منٹ بعد انتقال کر گئی۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے غلط انجیکشن لگا کر بچی کی جان لی ہے، ہم نے جنرل اسپتال سمن آباد کے باہر احتجاج بھی کیا، لیکن ڈاکٹر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
متوفی بچی کے والد نے ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے تھانہ سمن آباد میں درخواست جمع کروادی ہے۔