ملک میں یوریا کی قلت دور کرنے کے لیے پہلا امپورٹڈ یوریا کا جہاز کراچی پہنچ گیا، یوریا پہنچتے ہی مارکیٹ میں یوریا کے ریٹ نیچے آنا شروع ہوگئے۔
یوریا کی بلیک مارکیٹ کرنے والوں کے لیے بری اور کسانوں کے لیے اچھی خبر ہے، ملک میں یوریا کی قلت دور کرنے کے لیے پہلا امپورٹڈ یوریا کا جہاز کراچی پہنچ گیا ہے۔
جہاز 50 ہزار ٹن کے قریب یوریا لے کر کے پی ٹی پہنچا ہے، جب کہ دوسرا جہاز 29 دسمبر کو کراچی پہنچے گا، اور مجموعی طور پر دو لاکھ 20 ہزار ٹن کے قریب یوریا امپورٹ کی جائے گی، 20 جنوری سے پہلے سارے جہاز کراچی پہنچ جائیں گے۔
یوریا درآمد کرنے کی اجازت ای سی سی نے گزشتہ ماہ دی تھی، امپورٹڈ یوریا حکومت سے حکومت معاہدے کے تحت منگواءی گئی ہے۔
دوسری جانب امپورٹڈ یوریا پہنچتے ہی مارکیٹ میں یوریا کے ریٹ نیچے آنا شروع ہوگئے ہیں،مارکیٹ میں یوریا کی کمی کو جواز بنا کر بلیک مافیا نے یوریا کی قیمتوں کو آسمان تک پہنچا دیا تھا، تاہم اب امپورٹڈ یوریا آنے سے یوریا وافر مقدار میں کسانوں کو ملے گی۔